0
Friday 9 Jun 2023 19:48

مقاومت کسی بھی ممکنہ کشیدگی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، حزب‌ الله

مقاومت کسی بھی ممکنہ کشیدگی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، حزب‌ الله
اسلام ٹائمز۔ لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب‌ الله" کے سیاسی دھڑے "الوفاء للمقاومۃ" کے پارلیمانی رکن "علی فیاض" نے کہا ہے کہ مقاومت پوری توجہ کے ساتھ "کفر شوبا" کی پہاڑیوں پر پیش آنے والے حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔ علی فیاض نے کہا کہ مقاومت کسی بھی علاقائی کشیدگی سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ استقامتی محاذ کسی صورت بھی اسرائیل کو جارحیت جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لبنانی نیوز چینل المنار کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ لبنان کی پارلیمنٹ میں حزب‌ الله کے سیاسی دھڑے کے رکن نے کہا کہ صیہونی دشمن جانتا ہے کہ ہماری ریڈ لائن کو عبور کرنے کے نتیجے میں اُسے بھاری نقصان اُٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے جنوبی علاقے میں پیش آنے والی صورتحال پر لبنان کی فوج کے موقف کو سراہا۔

علی فیاض نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف عوامی ردعمل بھی ہمارے دفاع کے ٹھوس موقف کو ثابت کرتا ہے۔ مزید برآں کوئی شخص بھی یہ نہیں سوچ سکتا کہ مقاومت، لبنان کی خود مختاری اور عوام کے خلاف جارحیت پر کوئی سمجھوتہ کر لے گی۔ واضح رہے کہ آج صبح قابض اسرائیلی فوج نے لبنان کی فوج کے ہیڈ کوارٹر کے نزدیک آنسو گیس کے شیل فائر کئے، جس کے نتیجے میں کفر شوبا کے عوام کی صیہونی فوج سے مڈ بھیڑ ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس میں آیا ہے کہ لبنانی فوج نے کفر شوبا بارڈر پر صیہونی فوج کی دراندازی کے بعد اپنے مورچے سنبھال لئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1062877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش