0
Friday 9 Jun 2023 22:28

ملک کو تجربہ گاہ بنا کر لوٹوں پر مشتمل جماعت بنائی جا رہی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

ملک کو تجربہ گاہ بنا کر لوٹوں پر مشتمل جماعت بنائی جا رہی ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہزاروں سیاسی کارکنوں کی ماورائے آئین و قانون گرفتاریوں نے مارشل لاء کے سیاہ دور کو شرما دیا ہے۔ آئین و قانون کو نظرانداز کرکے وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے موجودہ نام نہاد جمہوری حکمرانوں کا بھیانک چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ ملک میں عدالتی نظام کو مفلوج اور سپریم کورٹ کو بے توقیر کرنے کے بعد فوجی عدالتوں کے قیام کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ اایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے دعویدار عوامی مینڈیٹ اور عوام کے ووٹ سے شدید خوفزدہ ہیں۔

الیکشن سے خائف جمہوریت کے چیمپئن سلیکشن کے ذریعے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔ عوام سے رجوع اور صاف و شفاف انتخابات کی بجائے چور دروازے سے اقتدار تک پہنچنے کے لئے تمام تر قوانین اور اخلاقیات کو پامال کیا جا رہا ہے۔ متوازی عدالتی نظام کے ذریعے من پسند فیصلوں کے ذریعے عوامی تحریک کو کچلنے کے ملک و قوم کے لئے کوئی بہتر نتائج نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تجربہ گاہ بنا کر لوٹوں پر مشتمل جماعت بنائی جا رہی ہے۔ جس کا نا کوئی منشور ہے اور نا ہی کوئی ہدف۔ اب وقت آ چکا ہے کہ عوامی رائے کا احترام کیا جائے اور ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کو آزادانہ فیصلے کرنے کا اختیار دیا جائے اور عوام کا جو بھی فیصلہ ہو اسے خندہ پیشانی سے قبول کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1062898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش