QR CodeQR Code

ضیاء القمر کی کامیابی پیپلز پارٹی پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، سردار قمرالزمان

10 Jun 2023 08:12

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب ممبر قانون ساز اسمبلی سردار ضیاء القمر نے کہا کہ اپنی جیت کو سیاسی کارکنوں کے نام کرتا ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق سنیئر وزیر سردار قمرالزمان خان، سابق ایم این اے چوہدری منظور، وزیر حکومت و سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی فیصل ممتاز راٹھور، ممبران اسمبلی میاں عبدالوحید، جاوید ایوب، سید بازل نقوی، سابق مشیر حکومت سردار امجد یوسف نے نومنتخب ممبر اسمبلی سردار ضیاء القمر کی جیت کی خوشی میں منعقدہ جشن فتح کے بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار ضیاء القمر کی جیت غریب اور مظلوم طبقات اور حق و سچ کی فتح ہے، وسطی باغ کے عوام نے برادریوں کے بتوں اور ٹھیکیداری نظام کو شکست دے دی، ضیاء القمر کی کامیابی آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، آزادکشمیر و پاکستان میں جلد پیپلز پارٹی کی حکومتیں قائم ہوں گی، عوام کو سستا انصاف ان کی دہلیز پر ملے گا،بیروزگاری کا خاتمہ اور سماجی انصاف ہمارا مشن ہے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب ممبر قانون ساز اسمبلی سردار ضیاء القمر نے کہا کہ اپنی جیت کو سیاسی کارکنوں کے نام کرتا ہوں، میرے والد شیر باغ سردار قمرالزمان خان کی سیاسی جدوجہد کا ثمر ہے کے آج باغ کے عوام نے لاکھ سازشوں کے باوجود مجھے ووٹ دیکر کامیاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغ میں رواداری اور صحت مند مقابلے کی سیاست کو فروغ دوں گا، آج سے حلقہ وسطی باغ کے ہر اپنے اور بیگانے کا نمائندہ ہوں، جنہوں نے ووٹ دیے اور جنہوں نے نہیں دیے سب کے جائز کام کروں گا، دنیا بدل رہی ہے ہمیں برادریوں، قبیلوں اور علاقوں کی سوچ سے نکل کر میرٹ اور اہلیت کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بہت سازشیں کی گئی مگر اللہ نے جس سے کام لینا ہو اسے کوئی روک نہین سکتا۔ جشن فتح سے سابق مشیر سردار خالد محمود چغتائی، سردار عبدالمجیدایڈووکیٹ، سردار اورنگزیب، ریاض عباسی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 1062983

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1062983/ضیاء-القمر-کی-کامیابی-پیپلز-پارٹی-پر-عوام-کے-اعتماد-کا-اظہار-ہے-سردار-قمرالزمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org