0
Sunday 16 Oct 2011 19:12

خاموش اکثریت کیا چاہتی ہے وزیراعظم کو بخوبی اندازہ ہے، پیپلزپارٹی نے بے نظیر کے قاتلوں کو گلے لگا لیا، پرویز رشید

خاموش اکثریت کیا چاہتی ہے وزیراعظم کو بخوبی اندازہ ہے، پیپلزپارٹی نے بے نظیر کے قاتلوں کو گلے لگا لیا، پرویز رشید
لاہور:اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب کے عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خطاب اور خاص طور پر (ن) لیگ کے صدر نواز شریف کا نام لئے بغیر ان پر کی جانیوالی کڑی تنقید پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عوام حکومت سے پوچھتی ہے کہ ملک میں بجلی اتنی مہنگی کیوں کی جا رہی ہے؟ اور چوبیس چوبیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں؟ ریلوے ٹرینوں کو کیوں بند کیا جا رہا ہے؟ جبکہ ایک پورا صوبہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے حکومت اس کیلئے کچھ نہیں کر رہی، یہ تمام سوال عوام حکومت سے پوچھ رہی ہے، مگر حکومت کوئی جواب نہیں دے رہی۔
پنجاب حکومت کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عوام کے سوالوں کا جواب دینے کی بجائے عوام سے لڑنا شروع کر دیا ہے، وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، خاموش اکثریت کیا چاہتی ہے اس کا وزیراعظم کو بخوبی پتہ ہے، مسلم لیگ ن کے 90 ارکان کی مدد کے بغیر اٹھارویں ترمیم پاس نہیں ہو سکتی تھی، اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے وزیراعظم کو سارے اختیارات ملے ہیں، بینظیر کے لہو سے بننے والی حکومت نے آمر کو معاف کر کے اپنی قائد کے قاتلوں کو گلے لگایا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم سے کہوں گا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے حکومت نے عوام کو جن مسائل میں ڈبویا ہے مسلم لیگ ن عوام کو ان سے نکالے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اختیارات اٹھارویں ترمیم پاس ہونے کی وجہ سے ملے ہیں، اٹھارویں ترمیم پاس کروانے میں اگر مسلم لیگ ن کے 90 ووٹ نہ ہوتے تو یہ ترمیم پاس نہیں ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تیسری بار وزیراعظم بننے پر پابندی کا فیصلہ آمروں کا تھا حکومت نے آمر کو معاف کر دیا ہے اور بینظیر کے قاتلوں کو گلے لگا لیا ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ تیسری بار وزیراعظم بننے پر پابندی بھی آمروں کی نشانی سمجھ کر گلے لگا لے۔
خبر کا کوڈ : 106766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش