0
Tuesday 18 Oct 2011 21:32

امریکی دعوے سازش کے علاوہ کچھ نہیں، ایران

امریکی دعوے سازش کے علاوہ کچھ نہیں، ایران
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان جناب رامین مہمان پرست نے آج منگل کی صبح پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر سعودی سفیر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنانے کا الزام سراسر جھوٹا اور انتہائی گہری سازش کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ ایران بین الاقوامی سطح پر اس امریکی دعوے کے خلاف قانونی کاروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام سیاسی صورتحال کو تبدیل کرنے کیلئے غلط راستوں کو اپنا رہے ہیں، اگر انکے دعوے میں ذرہ بھر صداقت ہے تو وہ اسکے ثبوت کیوں فراہم نہیں کرتے؟۔
جناب رامین مہمان پرست نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی مستقل اصولوں پر استوار ہے جن میں سے ایک اسلامی ممالک کے درمیان وحدت اور اتحاد کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کا فروغ ایران کی اولین ترجیح ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ خطے کے ممالک کا ایکدوسرے کے قریب آنے سے ہی خطے میں امن، پائداری اور استحکام وجود میں آ سکتا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ مشرق وسطی میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیاں ملکی معاملات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ مشارکت کا سبب بنیں گی اور وہ خودمختاری کی جانب بڑھیں گے۔
ترجمان وزارت خارجہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا کہ اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم اور اسکے حامی اسلامی ممالک کے درمیان اختلافات ایجاد کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں کیونکہ اسرائیل صرف اسی ذریعے اپنے مفادات کے حصول کو یقینی بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو ہوشیاری سے کام لینے کی ضرورت ہے۔
جناب رامین مہمان پرست نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف ڈرامہ بازی بالکل بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام خیال کرتے ہیں اپنے سیاسی مفادات کے حصول اور خطے خارجہ پالیسی کی ناکامیوں یا امریکہ کے اندر معاشی اور اجتماعی بحران کو غلط طریقوں سے جبران کر سکتے ہیں لیکن یہ انتہائی نامعقول سوچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے اس قسم کے احمقانہ اقدامات عالمی رائے عامہ پر اچھے اثرات مرتب نہیں کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک ہزار سے زائد فلسطینی قیدیوں کی اسرائیلی جیلوں سے رہائی پر ملت فلسطین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے وہ دن بھی آئے گا جب تمام فلسطینی سرزمین اپنے حقیقی مالکین کے پاس لوٹ آئے گی۔
جناب رامین مہمان پرست نے ایران، افغانستان اور پاکستان کے درمیان تین جانبہ اجلاس کے بارے میں کہا کہ ابھی اسکی تاریخ فائنل نہیں ہوئی اور جیسے ہی اسکا شیڈول واضح ہو گا اطلاع دے دی جائے گی۔
ترجمان وزارت خارجہ ایران نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ استعماری سازشوں کا ہوشیاری سے مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایران سعودی عرب کو خطے کا طاقتور اور بڑا ملک سمجھتا ہے، ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس سال حج کی مناسبت سے ایرانی اور سعودی اہلکاروں کے درمیان تعاون کو سراہا اور کہا کہ ہمیں امید ہے سعودی عرب ایرانی حجاج کو مناسب سہولیات فراہم کرے گا تاکہ وہ بہترین انداز میں حج ادا کر سکیں۔
جناب رامین مہان پرست نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف محاذ آرائی کی واحد وجہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خودمختار رہنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے ایران کے خلاف انسانی حقوق اور ایٹمی پروگرام کے بارے میں وسیع پیمانے پر منفی پروپیگنڈہ اور چند روز قبل ایران پر سعودی سفیر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنانے کا الزام صرف اس لئے ہیں کہ ایران کو اپنے سامنے جھکنے پر مجبور کر سکیں، ایران کا گناہ یہ ہے کہ وہ خودمختار رہنا چاہتا ہے اور کسی کی سرپرستی کو قبول نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں اسلامی بیداری کی تحریک کے جنم لینے اور ایران کی جانب سے اسکی حمایت کا اعلان کرنے کے بعد جس نے امریکہ اور مغربی دنیا کے مفادات کو سنجیدہ خطرات سے روپرو کر دیا ہے، امریکہ سمجھتا ہے کہ ملت ایران پر مختلف طرح کا دباو ڈال کر اسکی تلافی کر سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 107406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش