0
Wednesday 19 Oct 2011 20:19

امریکہ نے پاکستان پر حملے کی حماقت کی تو دنیا بھر میں رسوا ہو جائے گا، سید رحمن شاہ

امریکہ نے پاکستان پر حملے کی حماقت کی تو دنیا بھر میں رسوا ہو جائے گا، سید رحمن شاہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید رحمن شاہ کا کہنا ہے کہ ڈیورنڈ لائن پر امریکی فوج کی موجودگی خود امریکہ کیلئے موت کا پیغام ثابت ہو گی، امریکہ نے پاکستان پر جارحیت کی حماقت کی تو پوری دنیا میں امریکی مفادات کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا جائے گا۔ "اسلام ٹائمز" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے کوئٹہ و کراچی میں بدامنی پھیلانے کے بعد پنجاب کے بڑے شہروں کو بھی نشانے پر رکھا ہوا ہے اور اس حوالے سے چند مذہبی گروہ جن کو گزشتہ حکومت نے کالعدم قرار دیا تھا امریکہ کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، پنجاب حکومت بھی دہشت گردی اور فرقہ واریت کے فروغ میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے، اگر امریکہ نے پاکستان پر جارحیت کی حماقت کی اس کو ویتنام یاد دلا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان کے نوجوان ارض مقدس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں اور حملے کی صورت میں امریکہ کے پورے دنیا میں مفادات کو نقصان پہنچایا جائے گا۔
رحمن شاہ نے کہا کہ ڈرون حملوں اور مغربی سرحد پر امریکی فوج کی موجودگی پر حکمرانوں کی خاموشی واضح کرتی ہے کہ یہ امریکہ کے خالص غلام ہیں، ہیلری کلنٹن کا دورہ پاکستان پر دباؤ بڑھانے کیلئے ہے کہ وہ امریکہ کا آلہ کار بن کے اس کے کاز کے لئے آپریشن کرے، رحمن شاہ نے عسکری قیادت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اسلامی مملکت کی فوج ہے اسے امریکہ کے لئے کرایے کی فوج نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاک فوج امریکہ کے لئے آلہ کار بن کر کام کرے گی تو عوامی حمایت کھو دے گی اور کسی بھی فوج کی اصل طاقت عوامی حمایت ہوتی ہے، انہوں نے آرمی چیف کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ سے متعلق منظرعام پر آنے والی گفتگو کو بھی سراہا اور کہا کہ اگر واقعی آرمی چیف نے اسی لہجے میں بات کی ہے تو ہم ان کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
رحمن شاہ نے کہا کہ امریکہ میں سعودی سفیر کے قتل کے منصوبے کے حوالے سے امریکہ مسلم ممالک کو آپس میں لڑانا چاہتا ہے اور اس ڈرامے کے پیچھے یہ مقصد بھی پوشیدہ ہے کہ مسلم دنیا کی توجہ امریکہ میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہونے والے مظاہروں سے ہٹ جائے۔ رحمن شاہ نے کہا کہ امریکہ میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہونے والے مظاہرے امریکہ کے زوال کا آغاز ہیں اور امریکہ کی تباہی امریکہ کے اندر سے ہی ہو گی اور امریکی عوام ہی ظالم و جابر حکمرانوں پر زمین تنگ کر دیں گے، وہ وقت دور نہیں جب واشنگٹن اور پینٹاگوں پر بھی اسلام کا پرچم لہرائے گا۔ رحمن شاہ نے مزید کہا کہ آئی ایس او پاکستان نوجوانوں کی نمائندہ تنظیم ہے اور میں نوجوانوں کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ خود کو دفاع وطن کے لئے ہمہ وقت آمادہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وطن کے دفاع کے لئے متحد ہو جائیں اور اندرون نان ایشوز کو ایشوز بنا کر سیاسی ڈرامہ بازی بند کر دیں۔
خبر کا کوڈ : 107630
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش