0
Thursday 20 Oct 2011 11:40

میاں برادران الزام تراشی ترک کر کے اپنا سیاسی قبلہ درست کریں، فردوس عاشق اعوان

میاں برادران الزام تراشی ترک کر کے اپنا سیاسی قبلہ درست کریں، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوازشریف سیلاب متاثرین کی آڑ میں زہر افشانی کر رہے ہیں، فوٹو سیشن سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، میاں برادران سیاسی تنہائی کا شکار ہو کر بند گلی میں پھنس چکے ہیں۔ اسلام آباد میں چیف سیکریٹری سندھ راجہ عباس اور چیئرمین این ڈی ایم اے کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میاں برادران الزام تراشی ترک کرکے اپنا سیاسی قبلہ درست کریں اور چھپ کر وار کرنے کے بجائے سیاسی میدان میں مقابلہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر اور وزیراعظم پر تنقید کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ سندھ دھرتی کے عوام ان کے جھوٹے پروپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔ نواز شریف سندھ کے عوام کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے حوالے سے فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین سیلاب کو سردیاں آنے سے قبل گھروں میں آباد کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، نوازشریف سیلاب زدگان کے زخموں پر نمک نہ چھڑکیں۔ صدر آصف زرداری متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی رہنما سیلاب کے نام پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہا ہے۔ فروس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف اقتدار کی سیاست کر رہے ہیں، نواز شریف کی واپسی کا کریڈٹ بے نظیر بھٹو شہید کو جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ تیس لاکھ متاثرہ خاندانوں کو راشن کارڈ اور تین لاکھ پچیس ہزار خیمے فراہم کئے جا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وطن کارڈز کے ذریعے پہلی قسط کے طور پر سترہ ارب روپے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 107803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش