QR CodeQR Code

پاک افغان سرحد پر آپریشن، نیٹو کا 115 شدت پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ

20 Oct 2011 12:56

اسلام ٹائمز: نیٹو ترجمان کا کہنا ہے کہ نیٹو نے چھوٹے چھوٹے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ نیٹو نے پاک افغان سرحد کے قریب حقانی نیٹ ورک کے خلاف آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔


کابل:اسلام ٹائمز:نیٹو نے پاک افغان سرحد کے قریب جاری آپریشن میں 115 شدت پسندوں کی ہلاکتوں کا دعویٰ کیا ہے۔ نیٹو ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان مشرقی صوبے کنٹر میں اتحادی و افغان فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 10 دن کے دوران 115 شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو نے چھوٹے چھوٹے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ نیٹو نے پاک افغان سرحد کے قریب حقانی نیٹ ورک کے خلاف آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔ امریکا اور اتحادیوں کا الزام ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے بڑے رہنما شمالی وزیرستان میں رہائش پذیر ہیں۔ پاکستان کی طرف سے امریکا کے اس بارے میں تمام الزامات مسترد کر دیئے گئے ہیں۔
ادھر کابل افغانستان میں ناٹو کمانڈر نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی سرحد کے نزدیک حقانی نیٹ ورک کے خلاف نیا آپریشن شروع کیا گیا ہے جسے آئندہ سال تک مکمل کر لیا جائے گا تاکہ اتحادی افواج کے انخلا ءسے قبل افغان دارالحکومت کو بہتر انداز میں محفوظ بنایا جا سکے۔ بدھ کو امریکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں نیٹو کمانڈر میرین جنرل جوہن ایلن نے کہا کہ اعلیٰ نوعیت کا آپریشن حقانی نیٹ ورک کے خلاف شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر اوباما کی طرف سے رواں سال فوجی انخلاءکے اعلان کے تحت ایک لاکھ امریکی فوجیوں میں سے اندازاً ایک تہائی فوجی لڑاکا دستوں کو ابتدائی طور پر واپس بلا لیا جائے گا۔ دوسری جانب برطانوی اخبار ٹیلی گراف کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغان صوبوں میں فوجی سرگرمیوں سے پاکستان کو آگاہ کر دیا تھا اور اسے حقانی نیٹ ورک کے خلاف سرچ آپریشن کا حصہ قرار دیا تھا تاہم شمالی وزیرستان سے ملحقہ سرحد پر امریکی و افغان فوج کی بھاری ہتھیاروں کے ساتھ موجودگی نے قبائلیوں کو خوفزدہ کر دیا ہے جبکہ قبائلی علاقوں کے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر امریکی فوج نے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش کی تو پاک فوج اس کا موثر جواب دے گی۔ اخبار کے مطابق پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سرحد پر امریکی فوجیوں کی حقیقی تعداد تو معلوم نہیں مگر یہ اطلاعات ملی ہیں کہ امریکی و افغان فوجیوں نے مشرقی صوبے خوست میں کرفیو نافذ کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جبکہ پاکستانی سرحد کے ساتھ واقع ایک پہاڑی پر نگران مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 107822

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/107822/پاک-افغان-سرحد-پر-آپریشن-نیٹو-کا-115-شدت-پسند-ہلاک-کرنے-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org