0
Saturday 22 Oct 2011 12:31

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں، فیصلہ واپس لیا جائے، محمد حسین محنتی

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں، فیصلہ واپس لیا جائے، محمد حسین محنتی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ بجلی، پانی اور گیس سمیت بنیادی ضرورت عوام کی دسترس سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ بے پناہ لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پر ظلم ڈھانے کے مترادف ہے۔ موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں بجلی کی قیمتوں میں تین گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کر کے قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے، تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، ہفتے میں دو چھٹیاں منسوخ کی جائیں اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے طویل دورانیے کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اوور بلنگ اور بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت یوم احتجاج کے سلسلے میں میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی راجہ عارف سلطان اور اقبال یوسف بھی موجود تھے۔ مظاہرے میں شریک لوگوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ڈرون حملہ ہے، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ قوم کے ساتھ ظلم ہے اور دیگر جملے تحریر تھے۔ مظاہرین لوڈشیڈنگ بند کرو، گیس بجلی سستی کرو، مہنگائی کرپشن ختم کرو- ورنہ حکومت چھوڑ دو اور دیگر نعرے بلند کر رہے تھے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں بجلی کی قیمتوں میں تین گنا اضافہ کر دیا ہے، 5 روپے کا یونٹ آج 15 روپے کا ہو گیا ہے۔ گھریلو و تجارتی صارفین کیلئے فی یونٹ قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ کیا گیا ہے، اسپتالوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کا علاج معالجہ بالخصوص آپریشن ناممکن ہوتا جا رہا ہے، اسکولوں میں بجلی نہ ہونے سے طلبہ و طالبات کو حصول علم میں دشواریوں کا سامنا ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ اور سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے بھی عوام اور محنت کش براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ یہ سب کچھ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور اتحادی جماعتیں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں، غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، اس کی ساری تنخواہ گیس بجلی کے بل اور کرایوں میں خرچ ہو جاتی ہے وہ بچوں کو روٹی اور تعلیم کہاں سے دے۔ غریب جو دن رات محنت مزدوری کرتا ہے اس کی تنخواہ محدود ہے مگر مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے لون اور سود کا سارا بوجھ عوام کی کمر پر ڈالا جا رہا ہے حالانکہ قرضے اور لون عوام کی فلاح کے بجائے حکمرانوں کی عیاشی میں صرف ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمیں سستی بجلی دینے کو تیار ہے مگر امریکہ کے منع کرنے پر حکومت ایران سے معاہدہ نہیں کر رہی۔ ہماری حکومت کو عوام کا نہیں بلکہ امریکہ کا مفاد عزیز ہے، ہمیں ایسی امریکی غلام حکومت منظور نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مہنگائی اور کرپشن کا خاتمہ کرے اور عوام کو انصاف اور ریلیف فراہم کرے۔ گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور عوام کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 108108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش