QR CodeQR Code

جمہوری حکومت کے خلاف نواز شریف کی سازشیں ملکی استحکام کے لئے خطرے کی گھنٹی کے مترادف ہیں، پیپلز پارٹی

22 Oct 2011 12:09

اسلام ٹائمز:پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف حکومت کی دشمنی میں اس حد تک چلے گئے ہیں کہ انہوں نے عوام کو درپیش مسائل اور ملکی سلامتی کے تقاضوں اور مفادات کو بھی پس پشت ڈال دیا ہے۔


کراچی:اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کا ایک اہم جنرل باڈی اجلاس کراچی ڈویژن کے صدر سید نجمی عالم کے زیر صدارت پیپلز سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کے تمام ڈویژنل، ضلعی اور سٹی ایریا کے عہدیداران اور ذیلی تنظیموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید نجمی عالم نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی لیگ نے اپنے چہرے سے جمہوریت کا نقاب اتار دیا ہے اور وہ عوام کے سامنے عریاں ہو چکے ہیں۔ جمہوری حکومت کے خلاف نواز شریف کی سازشیں ملکی استحکام کے لئے خطرے کی گھنٹی کے مترادف ہیں۔ نواز شریف حکومت کی دشمنی میں اس حد تک چلے گئے ہیں کہ انہوں نے عوام کو درپیش مسائل اور ملکی سلامتی کے تقاضوں اور مفادات کو بھی پس پشت ڈال دیا ہے۔
سید نجمی عالم نے کہا کہ نواز شریف ٹولہ جان لے کہ یہ 1977ء نہیں جب شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کارکنوں کو سڑکوں پر آنے سے منع کر دیا تھا لیکن اب پاکستان کے عوام اور پیپلز پارٹی کے جیالے ملک اور جمہوریت کے استحکام اور تسلسل کے لئے سڑکوں پر آنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پیپلز یوتھ کے نوجوانوں کی جانب سے 26 اکتوبر کو پیپلز سیکریٹریٹ سے کراچی پریس کلب تک دفاع جمہوریت ریلی کا جو فیصلہ کیا گیا ہے، پیپلزپارٹی اس کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور پارٹی کے تمام کارکنان اور کراچی کے عوام پورے جوش و خروش سے اس ریلی میں شرکت کریں گے اور تخت لاہور کی بدمعاشیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 108113

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/108113/جمہوری-حکومت-کے-خلاف-نواز-شریف-کی-سازشیں-ملکی-استحکام-لئے-خطرے-گھنٹی-مترادف-ہیں-پیپلز-پارٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org