اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل حیدرآباد کا دو روزہ دورہ کرنے جا رہے ہیں، جہاں وہ نو تشکیل شدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ بھوپیش بگھیل نے حیدرآباد روانگی سے قبل میڈیا سے بات کی۔ اس دوران انہوں نے اپنے دورے کے بارے میں جانکاری دی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نریندر مودی اور بی جے پی پر بھی حملہ کیا اور کہا کہ مودی نے یہاں آکر جھوٹ بولا۔ انہوں نے رائے پور میں جھوٹ بولا کہ وہ چاول خریدتے ہیں جبکہ چاول چھتیس گڑھ حکومت خریدتی ہے۔
بھوپیش بگھیل نے کہا کہ مودی یہاں آئے اور جھوٹ بول کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 265 کروڑ روپے کا گوبر خریدا ہے اور وہ 1300 کروڑ روپے کا الزام لگا رہے ہیں۔ جبکہ مودی نے کئی پلیٹ فارمز پر ہماری اسکیم کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا نیتی آیوگ کی میٹنگ میں بھی ہمارے منصوبے کی تعریف کی گئی تھی، وہ صرف الزامات لگا رہے ہیں۔ وہ یہ سب اڈانی کے لئے کرنے آئے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم جیسے باوقار عہدے پر بیٹھے ہیں اور جھوٹ بول کر چلے جائیں تو اس پر حیرت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنی عادت سے باز نہیں آ رہے ہیں، وہ ہمیشہ چھتیس گڑھ کے لوگوں کو اپنے پیروں تلے روندتے رہے ہیں۔