اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں بے تحاشہ اضافہ کسی طور قبول نہیں، اس وقت ڈالر کے ریٹ میں کمی کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے کیونکہ پہلے ہی مہنگای نے متوسط طبقے کا جینا دوبھر کردیا ہے، اب دیہاڑی دار طبقہ ان قیمتوں میں موٹر سایکل میں پیٹرول نہیں ڈال سکے گا تو دوسری جانب پبلک ٹرانسپورٹ کے ٹکٹ میں اضافہ کردیا گیا ہے کہیں ایسی صورتحال نہیں پیدا ہوجائے کہ خودکشی عام ہوجائے۔
اپنے بیان میں طارق حسن نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے اقدامات سے ڈالر کی قیمت کم ہوئی، امید کرتے ہیں کہ جنرل عاصم منیر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا نوٹس لیں اور عوام کو ریلیف دلائیں تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکے۔ طارق حسن نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنی پالسیوں پر نظرثانی کرے اور غریب عوام کو جینے کا حق دے اور اقدامات کرے جو عوام کے مفاد میں ہوں۔