اسلام ٹائمز۔ راہنما پیپلز پارٹی حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ضیاء کی سیاسی اولاد آج بھی بھٹو کی نفرت میں مبتلا ہے، جن کا قائد ضیاء کی قبر پر حاضریاں بھرتا ہو وہ بھٹو کے خلاف زہر ہی اگلیں گے۔ راہنما پیپلز پارٹی نے حنیف عباسی کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آمروں کے سامنے جھکنا اور سیاستدانوں کو آنکھیں دکھانا نون لیگ کا ڈی این اے ہے۔ بھٹو شہید زندہ تھا، زندہ ہے اور زندہ رہے گا۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ مشکل میں ہمیشہ نواز شریف نے بھٹو شہید کے پیچھے پناہ لینے کی کوشش کی۔ 2 سڑکیں بنانے سے کوئی سیاستدان لیڈر نہیں بن جاتا۔ ایٹم بم سے پارلیمنٹ تک پاکستان کی اینٹ اینٹ پر بھٹو کا نام درج ہے، بھٹو آئین کی شکل میں زندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو نے غریبوں کو آواز، مزدوروں کسانوں کو حقوق دیئے، زندہ وہ رہتے ہیں جو سینہ تان کر پھانسی پر جھول جائیں، جو ہر 10 سال بعد ڈیل کر کے سیاست چھوڑ دیں وہ لیڈر نہیں بنا کرتے۔ حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ وزیراعظم تو کئی آئے اور گئے مگر بھٹو کوئی نہ بن سکا، ہم تو سمجھتے تھے کہ حنیف عباسی پر منشیات فروشی کا الزام ہے۔ اب لگتا ہے کہ وہ منشیات کے عادی ہیں اس لئے دماغ کام نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حنیف عباسی کا دماغ ٹھیک کام کر رہا ہے تو مناظرہ کریں۔ حنیف عباسی ضیاء کی بنائی نون لیگ کی کارکردگی لائیں، میں بھٹو، بینظیر، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی کارکردگی لاتا ہوں۔