اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے گذشته شب جاری ہونے والے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ناصر کنعانی نے ایران کی جانب سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے متعدد معائنہ کار انسپکٹروں کے لائسنسوں کی منسوخی کے بارے رافائل گروسی کے بیان کے جواب میں تاکید کی ہے کہ بدقسمتی سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے انتہائی مثبت و تعمیری تعاون اور مسلسل تعامل کے باوجود، 3 یورپی ممالک و امریکہ نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی حیثیت کا غلط استعمال کیا ہے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ہفتے کے روز جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں شکوہ کیا تھا کہ ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے متعدد معائنہ کاروں کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔
اپنے جواب میں ناصر کنانی کا کہنا تھا کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ماحول کو سیاسی بنانے کی کوششوں سمیت اس طرح کے دوسرے سیاسی ہتھکنڈوں کے برے نتائج ایران قبل ازیں بھی خبردار کر چکا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی کہ تہران کا حالیہ اقدام ایران و عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان طے شدہ جامع حفاظتی معاہدے (INFCIRC 214) کے آرٹیکل 9 میں بیان کردہ اپنے خودمختار حقوق پر مبنی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران توقع رکھتا ہے کہ مغربی ممالک عالمی جوہری توانائی ایجنسی سمیت بین الاقوامی تنظیموں سے غلط فائدہ اٹھانے کی اپنی مذموم پالیسی سے اجتناب کرتے ہوئے ان تنظیموں کو کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤ سے ہٹ کر اپنی پیشہ ورانہ و غیرجانبدارانہ سرگرمیاں انجام دینے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ اسلامی جمہوریہ ایران، عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی غیر جانبداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، طے شدہ معاہدوں کے دائرہ کار میں اپنا مثبت تعاون جاری رکھے گا!