اسلام ٹائمز۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو لاہور کا دورہ کیا۔ آئی جی نے جامعہ کے اساتذہ کرام اور زیر تعلیم طلبا سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مولانا ڈاکٹر سرفراز حسین نعیمی کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے دورہ کے موقع پر مفتی محمد عمران حنفی، انچارج دارالافتاء، مفتی محمد مدنی، مفتی محمد عارف سمیت دیگر مدرس بھی موجود تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انچارج جامعہ نعیمیہ مفتی عمران سے جامعہ میں فراہم کی جانیوالی تعلیمی سہولیات بارے آگاہی حاصل کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جامعہ میں زیر تعلیم طلبا سے اقلیتی شہریوں کے حقوق بارے بھی گفتگو کی۔ اقلیتی شہریوں کی جان و مال اور حقوق کے تحفظ کا معاملہ پاکستان کے تمام دینی مدراس کی تعلیمات کا بنیادی جزو ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ جامعہ نعیمیہ سمیت تمام مذہبی تربیت گاہوں میں طلبا کو امن، اتحاد اور بین المذاہب بھائی چارے کا پیغام و تربیت دی جا رہی ہے، وزیر اعظم پاکستان، حکومت پنجاب، پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے اسلامی احکامات کے مطابق اقلیتی شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، پنجاب پولیس نے اقلیتی شہریوں کے تحفظ اور خدمات کی فراہمی کیلئے میثاق سنٹرز بھی قائم کئے ہیں۔ میثاق سنٹر میں بین المذاہب مکالمہ اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مختلف سکالرز کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے لائبریری اور دیگر حصوں کا دورہ کیا، طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے انکے نصاب بارے بھی دریافت کیا، قومی یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں سب کو اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنا ہے۔