0
Saturday 22 Oct 2011 19:20

لاہور میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر، سیاسی جماعتوں کا جلسے اور ریلیوں کا اعلان

لاہور میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر، سیاسی جماعتوں کا جلسے اور ریلیوں کا اعلان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی حکومت کے خلاف تحریک کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، اس مرحلے کے ابتدا میں نواز لیگ کے سربراہ نواز شریف نے پہلے سندھ میں جلسے جلوس منعقد کئے اور بعد میں صوبہ پنجاب میں اس کا آغاز کیا جبکہ 24 اکتوبر سے شروع ہو نیوالے ہفتے میں لاہور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز ہو گا۔ اگلے ہفتے لاہور میں سیاسی جلسے جلوسوں اور حکومت مخالف ریلیاں ملکی سیاست میں ہلچل کا باعث ہوں گی۔ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا جمعرات 27 اکتوبر سے، اس دن معروف گلوکار اور سماجی کارکن ابرار الحق ناصر باغ سے داتا دربار تک ’’پاکستان بچاؤ ریلی‘‘ نکالیں گے۔ ابرار الحق نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ سیاسی و معاشی بے چینی، خراب امن و امان، مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف 27 اکتوبر کو ’’پاکستان بچاؤ ریلی‘‘ نکالی جائے گی۔
ابرار الحق کا کہنا ہے کہ ناصر باغ سے نکالی جانے والی ریلی مقصدیت کے حوالے سے تمام سیاسی ریلیوں سے زیادہ اہم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد بڑی تعداد میں بیروزگار رہنے والے نوجوانوں اور شہریوں کو امید اور بہتر مستقبل کا پیغام دینا ہے۔ اگلے دن یعنی 28 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کے خلاف ’’حکومت ہٹاؤ ‘‘ ریلی نکالی جائے گی جو ناصر باغ سے شروع ہو کر بھاٹی چوک پر ختم ہو گی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت وزیرِاعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کریں گے، بعدازاں بھاٹی چوک پر احتجاجی جلسہ ہو گا، لیگی ذرائع کے مطابق اس ریلی میں ایک لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔
30 اکتوبر کو تحریک انصاف کا مینار پاکستان پر جلسہ عام ہو گا، اس جلسے کے حوالے سے تحریک کے رہنما عمران خان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ ریلی پر اربوں روپے بھی خرچ کر لے ناکامی ان کا مقدر ہو گی، ان ریلیوں اور جلسوں کے لیے گلی گلی، محلے محلے اور یونین کونسل کی سطح پر میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ شہر بھر کی شاہراہوں اور گلی بازاروں میں بینرز آویزاں کرنے کا سلسلہ جاری ہے جن پر عوام سے ان ریلیوں میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے، دلچسپ امر یہ ہے کہ لاہور میں نکلنے والی تینوں ریلیوں کا ہدف وفاقی حکومت ہے، جبکہ ابھی تک پیپلز پارٹی نے لاہور میں اپنی پاور شو کرنے کا اعلان نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 108294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش