اسلام ٹائمز۔ بجلی کے بلوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی پاکستان کے احتجاج کے سلسلہ میں آج گورنر ہاوس لاہور کے سامنے دھرنا ہوگا۔ جماعت کے ترجمان قیصر شریف کے مطابق گورنر ہاوس لاہور کے سامنے دھرنا 3 روز تک جاری رہے گا۔ مال روڈ پر دھرنا ساڑھے تین بجے سہ پہر شروع ہو گا۔ قیصر شریف نے مزید بتایا کہ لاہور دھرنے کی تیاریاں اور انتطامات مکمل کر لیے گئے ہیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق دھرنے کی قیادت کریں گے، جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف تحریک میں تیزی لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
قیصر شریف کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے پر سپریم کورٹ بھی جائے گی، دھرنا پیٹرول، بجلی بلوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف ہوگا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور دیگر رہنما دھرنے سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعد کوئٹہ 24 ستمبر اور کراچی 6 اکتوبر گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے ہونگے، عوام کی بڑی تعداد ان دھرنوں میں شریک ہو گی، ہماری احتجاجی تحریک پُرامن ہے، جلاؤ گھیراؤ مقصد نہیں، حکومت کو قیمتوں میں ظالمانہ اضافے واپس لینے ہونگے۔ قیصر شریف کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق دھرنے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔