اسلام ٹائمز۔ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے ایک اور لیڈر سکھدول سنگھ ڈونیکے کو ونی پگ شہر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سکھدول سنگھ بھارت میں سب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھے۔ بھارتی ایجنسی این آئی اے نے بھی ان کے خلاف وارنٹ جاری کر رکھے تھے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھدول سنگھ کا تعلق بھارتی ریاست پنجاب سے تھا جو خالصتان تحریک کے حامی تھے، سکھدول سنگھ 2017ء میں کینیڈا منتقل ہوئے تھے اور اس کے بعد سے وہیں مقیم تھے۔ سکھدول سنگھ کا قتل ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب کینیڈا میں رواں سال جون میں خالصتان تحریک کے رہنماء ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کے معاملے پر بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تنائو جاری ہے۔ سکھدول سنگھ ڈونیکے کو کینیڈا کے شہر ونی پگ میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ دنوں پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد کینیڈا نے بھارتی سفارت کار اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سربراہ پون کمار رائے کو ملک بدر کر دیا اور دنوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ ہیں۔