اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں حالیہ ہفتہ دفاع مقدس کے آغاز میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ پریڈ کی یہ تقریب آج صبح بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رہ کے مزار کے احاطے میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ایران کے صدر "آیت الله سید ابراہیم رئیسی" اور چیف جائنٹ آف سٹاف جنرل "محمد باقری" شریک تھے۔ تقریب کے آغاز میں کُرد بینڈ سسٹم نے میلاد پیامبر اکرم (ص) کی مناسبت سے دف بجانے کا مظاہرہ کیا۔ جس کے بعد مسلح افواج، انقلابی گارڈز، پولیس اور رضاکاروں کے دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا۔ پیادہ دستوں کے بعد مسلح افواج اور انقلابی گارڈز کی ہتھیاروں سے لیس گاڑیوں نے اعلیٰ کمانڈروں کے سامنے مارچ کیا۔ اس دوران سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنی ایرو اسپیس یونٹ کے تیار کردہ جدید ہتھیار بھی متعارف کروائے۔