QR CodeQR Code

پاکستان کے حوالے سے امریکی رویے میں تضاد ہے، امیر جماعت اسلامی ایم ایم اے کی بحالی میں رکاوٹ ہیں، فضل الرحمٰن

22 Oct 2011 21:16

اسلام ٹائمز:پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہیلری کلنٹن نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران صرف دھمکیاں اور تسلیاں دی ہیں۔ حکومت اس دورے پر قوم کو اعتماد میں لے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ حقانی نیٹ ورک نہیں پاکستان ہے۔ حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی کا مطالبہ دراصل پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کے امیر کو ایم ایم اے کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دے دیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ متحدہ مجلس عمل ایک بار پھر متحرک ہو جائے اور اس کیلئے انہوں نے کوشش بھی کی، مگر آج وہ اعتراف کرتے ہیں کہ ان کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے نہیں آ رہے۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی بحالی میں جماعت اسلامی نہیں بلکہ اس کے امیر رکاوٹ ہیں۔ 
جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا ہے کہ ہیلری کلنٹن نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران صرف دھمکیاں اور تسلیاں دی ہیں۔ حکومت اس دورے پر قوم کو اعتماد میں لے۔ طاقت کے استعمال کے حق میں نہ وہ ماضی میں کبھی تھے نہ اب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ حقانی نیٹ ورک نہیں پاکستان ہے۔ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ دراصل پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ 
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر پارلیمنٹ کی مدت پوری کرنے کے حق میں ہیں۔ حکومت صرف جمہوریت کے راگ الاپ رہی ہے مگر گزشتہ چند سال کے دوران عام آدمی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا اور وہ اس غریب عوام کے لئے میدان عمل میں اتر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 108344

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/108344/پاکستان-کے-حوالے-سے-امریکی-رویے-میں-تضاد-ہے-امیر-جماعت-اسلامی-ایم-اے-کی-بحالی-رکاوٹ-ہیں-فضل-الرحم-ن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org