اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کو روکنے اور شہریوں کی مدد کیلئے انتظامیہ نے اہم اقدام اٹھا لیا۔ سی پی ایل سی کے ساتھ رابطہ اور تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈویژنل، ضلعی اور سب ڈویژن سطح پر رابطہ کمیٹیاں قائم کر دی گئیں۔ کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت کے مطابق کمیٹیوں کے قیام سے شہر میں جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی اور انتظامی افسران سی پی ایل سی اور شہریوں کے درمیان رابطے کا فقدان دور کرنے میں مدد کریں گے۔
محمد سلیم راجپوت نے بتایا کہ زینب الرٹ انیشیٹیو کے ذریعے جرائم کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی مہم کو مؤثر بنایا جائے گا، شہریوں کے ساتھ مل کر واک اور میراتھون کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سائبر اور چائلڈ سیفٹی کیلیے ماہرین کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں میں پروگرام منعقد ہوں گے، تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم سے متاثرہ علاقوں اور سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ درست کی جائے گی تا کہ اسٹریٹ کرائم کا سبب نہ بنے۔