اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے انکشاف کیا ہے کہ مردان میں 34 ارب روپے کی بجلی دی جاتی ہے، 23 ارب وصول ہوتے ہیں لیکن بجلی کے سالانہ نقصانات 11 ارب روپے سے زائد ہیں۔ وفاقی سیکرٹری برائے پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ مردان کے مقابلے میں سوات میں بجلی چوری کے نقصانات 2 ارب روپے ہیں۔ راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ آئیسکو ریجن میں بجلی چوری پر مزید 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ریجن میں مجموعی طور پر ایک ہزار سے زیادہ بجلی چور پکڑے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں میں ساڑھے 6 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے بھی کیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب حیسکو ریجن میں اب تک بجلی چوروں سے 1 ارب 62 کروڑ روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان حیسکو کے مطابق نادہندگان کے خلاف 3 سو 15 مقدمات درج کرکے 31 افراد کو گرفتارکیا جا چکا ہے۔ ادھر سکھر ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان سے اب تک 1 ارب 2 کروڑ کی وصولی کی جا چکی ہے جبکہ 4 سو 42 بجلی چور گرفتار کیے گئے ہیں۔