0
Monday 25 Sep 2023 20:40

کوئٹہ، بی ایف اے کی کارروائی، سیوج کے پانی سے کاشت شدہ فصلیں تلف

کوئٹہ، بی ایف اے کی کارروائی، سیوج کے پانی سے کاشت شدہ فصلیں تلف
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ میں 70 ایکڑ پر مشتمل سیوریج کے پانی سے کاشت و تیار کردہ مضر صحت فصلیں تلف کر دیں۔ بی ایف اے کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیوریج کے پانی سے نیو سبزل روڈ میں مزید 70 ایکڑ سے زائد اراضی پر کاشت کردہ مضر صحت خوردنی فصلیں تلف کردی گئیں۔ تلف کردہ سبزیوں میں دھنیا، گوبھی، پودینہ اور سلاد کی فصلیں شامل تھیں۔ بی ایف اے کی حالیہ جاری مہم کے دوران اب تک تقریباً 250 ایکڑ اراضی پر سیوریج کے پانی سے کاشت کردہ مختلف سبزیاں تلف کی جا چکی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ سیوریج کے زہریلے پانی سے تیار سبزیاں انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہیں۔

ماہرین کے مطابق سیوریج کے پانی سے تیار کردہ سبزیوں میں آرسینک، سلفر اور دیگر کیمیکلز انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہوتے ہیں۔ ایسی سبزیاں ہڈیوں، جگر، گردوں اور دل کے امراض کا باعث ہوسکتی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا کہنا ہے کہ کاشتکاروں اور زمینداروں کو متعدد بار بزریعہ پرنٹ و سوشل میڈیا اور تنبیہ نوٹس بتایا گیا ہے کہ زہریلے پانی سے کاشت کردہ سبزیوں کی کاشت کی اجازت نہیں ہے۔ سیوریج کے پانی سے صرف غیر خوردنی فصلیں ہی کاشت کی جا سکتی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق عدالت عالیہ کے فیصلوں کی روشنی میں انسانی صحت کیلئے مضر سبزیوں کے مکمل تدارک کیلئے بی ایف اے کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
خبر کا کوڈ : 1083919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش