0
Wednesday 27 Sep 2023 13:43

کرم میں جشن عید میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات

کرم میں جشن عید میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات
اسلام ٹائمز۔ کرم میں پولیس نے 12 ربیع الاول جشن عید میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے ہیں، 12 ربیع الاول کے دوران منعقدہ پروگرامات میں عوام الناس کی حفاظت کیلئے ڈی پی او آفس سے جاری کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق کرم پولیس کے 500 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران کو حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات کیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم محمد عمران نے جش عید میلاد النبی ص کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، لوئر کرم بگن خیر اللہ مسجد سمیت ضلع کے دیگر مختلف علاقوں میں مدارس اور مساجد میں منعقدہ تقریبات کی حفاظت کیلئے ضلعی پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔

اس دوران ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں، جہاں آنے جانے والے افراد اور مشکوک اشخاص کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام امن کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، مدارس اور مساجد کے منتظمین بھی امن اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ ڈی پی او کرم محمد عمران نے علماء کرام سے اپیل کی کہ ضلع کے موجودہ امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر اپنے خطابات میں اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں تاکہ دیرپا امن و سلامتی کی فضاء کو برقرار رکھا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 1084295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش