QR CodeQR Code

متحدہ مجلس عمل کو اکٹھا کرنے کے لئے کوششیں تیز کر دی گئیں ہیں، محمد خان شیرانی

23 Oct 2011 20:21

اسلام ٹائمز: اسلام ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے علامہ ساجد علی نقوی اور صاحبزادہ ابوالخیر زبیر سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایم ایم اے کو دوبارہ یکجا کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے سربراہ اور جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا محمد خان شیرانی نے اسلام ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کو دوبارہ اکٹھا کرنے کے حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن نے علامہ ساجد علی نقوی اور صاحبزادہ ابوالخیر زبیر سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایم ایم اے کو دوبارہ یکجا کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان جہاں تمام مذہبی جماعتیں آپس میں متحد ہیں وہاں بھی جماعت اسلامی کے ہمارے ساتھ مل بیٹھنے پر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی لوگوں کو بے دردی سے مارا جاتا ہے اور دوسرے فرقے کے سر الزام تھوپ دیا جاتا ہے اس کو ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ تمام مکاتب فکر آپس میں مل بیٹھیں تاکہ دشمن فائدہ نہ اٹھا سکے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے ممبر صوبائی اسمبلی مولانا عصمت اللہ جنہوں نے حال ہی میں نظریاتی گروپ کا قیام عمل میں لایا ہے اور ہم سے الگ ہو گئے ہیں، ان سے پوچھا جا نا چاہیئے کہ کیا وجہ ہے کہ وہ ہم سے الگ ہو گئے ہیں، ان کے تحفظات کا ازالہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عصمت اللہ نے میرے مقابلے میں الیکشن لڑا اور جیتا ہے۔ ہمارے ملک میں سیٹوں کے فیصلے پہلے کئے جاتے ہیں الیکشن بعد میں منعقد ہوتے ہیں۔ 22 اکتوبر کو ہونے والی شوریٰ کی میٹنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں ملک کو درپیش حالیہ ملکی اور بین الاقوامی چیلنجز پر بات کی جائے گی۔
مسلم لیگ نواز کے ساتھ اتحاد کو انہوں نے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں ہم کسی کے ساتھ اتحاد کے حق میں نہیں ہیں۔ اگر اتحاد کرنا بھی ہوا تو حلقے کی جماعت کے ساتھ کیا جائے گا اس کا فیصلہ ملکی یا صوبائی سطح پر نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے صرف شخصیات کے بل بوتے پر ووٹ حاصل کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ٹکٹ سرمایہ دار، جاگیردار یا مالدار کے لئے ہوتا ہے۔ 25 اکتوبر کو ہونے والی اسلامی نظریاتی کونسل کی میٹنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسمیں مختلف قوانین پر بحث کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ میٹنگ میں ہم نے اسلام آباد کی حد تک وائس چانسلرز کو مدعو کیا تھا تاکہ ان سے کورس میں اسلام شناسی کو متعارف کروانے کے حوالے سے بات کی جا سکے۔ 


خبر کا کوڈ: 108464

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/108464/متحدہ-مجلس-عمل-کو-اکٹھا-کرنے-کے-لئے-کوششیں-تیز-کر-دی-گئیں-ہیں-محمد-خان-شیرانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org