1
0
Friday 29 Sep 2023 15:43

جامعہ عروة الوثقیٰ کے زیراہتمام عظیم الشان وحدت امت ریلی کا انعقاد

وحدت قرآنی حکم، علماء کرام مسلمانوں کی صفوں میں رخنہ ڈالنے والوں کا راستہ روکیں، علامہ جواد نقوی
جامعہ عروة الوثقیٰ کے زیراہتمام عظیم الشان وحدت امت ریلی کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ عید میلاد النبی (ص) کی با برکت مناسبت سے حوزہ علمیہ جامعہ العروة الوثقیٰ سے والٹن  فیروز پور روڈ تک ایک عظیم الشان وحدت امت ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں بِلا تفریقِ مسلک و مذہب ہزاروں افراد نے شرکت کی اور رسول اللہ(ص) سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریکِ بیداری امتِ مصطفیؐ اور زعیم جامعہ عروۃ الوثقیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ پیغمبر اعظم کی ولادت ان برکتوں کا نقطئہ آغاز ہے جو اللہ نے بشریت کیلئے مقدر فرمائی ہیں۔ آپ (ص) نے عرب کی جاہل قوم کو تبلیغ اور تربیت کے ذریعے خیرِ امت میں بدل دیا اور ان کی باہمی دشمنیوں کو اخوت و محبت میں ڈھال دیا۔

علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ریوڑ کو امت بنانا ایک عظیم معجزہ ہے جو تعلیم و تربیت سے ممکن ہوا ،اب یہ امت کا فریضہ ہے کہ رسول اللہ (ص) کے مشن کو تکمیل تک پہنچائے اور اس مقصد کیلئے خود کو قوم، قبیلہ، مسلک و گروہ کی حالت سے نکال کر امت کے قالب میں ڈھالے کیونکہ امت ہی قرآنِ مجید کی واحد قابلِ قبول اجتماعی حالت ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ مومنین کی خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ ہے کہ وہ آپس میں ایک دوسرے پر رحم کرتے ہیں اور دشمنوں پر شدید سخت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا مسلمان بدقسمتی سے اپنے ہی مسلمان بھائی کو دشمن سمجھ  کر اس پر سخت گیر اور مسلمانوں کے دشمنوں پر مہربان بنا ہوا ہے، جس کی وجہ ناقص دشمن شناسی اور تنگ نظری ہے۔  علامہ سید جواد نقوی نے بیداریِ امت کو راہ حل کے طور پر پیش کیا اور کہا کہ اس ہلاکت خیز فتنے میں بصیرت، تدبر و تفکر اور گہرا تجزیہ ضروری ہے تاکہ اختلاف و تفرقے اور دشمنان اسلام کی عیاری ومکاری سے بچتے ہوئے مسلمانوں کی صفوں میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں ناکام بنائی جا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 1084745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Iran, Islamic Republic of
اے کاش ایسی ریلی عاشورا اور اربعین کے موقع پر عزادار بن کر بھی نکالتے۔
منتخب
ہماری پیشکش