0
Friday 29 Sep 2023 21:38

نئی دہلی میں بڑے عقیدت و احترام کے ساتھ عید میلاد النبی (ص) منایا گیا

نئی دہلی میں بڑے عقیدت و احترام کے ساتھ عید میلاد النبی (ص) منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ عید میلاد النبی (ص) کے مبارک موقع پر دہلی کے مختلف علاقوں میں جلوس اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ فرزندان توحید نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے دعاء بھی کی۔ مرکزی انجمن عید میلاد النبی (ص) کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ جلوس سے قبل ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کر بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ آج صبح چوک باڑہ ہندو راؤ میں مرکزی انجمن عید میلاد النبی (ص) کی جانب سے جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت شریف کے بعد مولانا آزاد عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکار دوعالم (ص) نے پوری دنیا کو امن و امان، بھائی چارہ، یکجہتی کا پیغام دیا۔

دہلی حکومت میں وزیر عمران حسین نے اس موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک دن ہم سب کے لئے عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم برائیوں سے خود کو روکیں اور اسلام اور پیغمبر اسلام کے پیغام کو دنیا تک پہنچائیں۔ ڈپٹی میئر آل محمد اقبال نے کہا کہ خدا اور رسول اللہ (ص) کے احکامات پر چل کر زندگی گزارنا ہی دنیا و آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے۔ اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔ ہم سب کو چاہیئے کہ اپنے دلوں میں عشق رسول کا چراغ روشن کریں۔ رکن اسمبلی عبدالرحمن نے عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت مقدس ہے اور ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم اپنے اعمال کو بہتر کریں اور سب کی بھلائی کے لئے کام کریں۔ کونسلر سلطانہ آباد نے مبارک باد دیتے ہوئے انجمن کی کاوشوں کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 1084778
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش