اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت میں نیب ٹیم نے چھاپے کے دوران گھر سے ایک کروڑ سے زائد رقم برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے ایک محلے حق داد آباد لکی سٹی میں نیب کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ ایک گھر پر چھاپا مار کر ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد کر لی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رقم زیر حراست ڈویژنل اکاؤنٹنٹ جنرل بنوں آفس کے کمپیوٹر آپریٹر عبدالوحید کی نشان دہی پر برآمد کی گئی ہے، ملزم عبدالوحید اور اس کا بھائی 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان پر سرکاری ملازمین کی پنشن میں کروڑوں روپے کے غبن کا الزام ہے، جنھوں نے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔