0
Saturday 30 Sep 2023 16:08

کرم کی ترقی اور خوشحالی امن سے مشروط ہے، ساجد حسین طوری

کرم کی ترقی اور خوشحالی امن سے مشروط ہے، ساجد حسین طوری
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی امن سے مشروط ہے، ضلع کرم کے تمام اقوام کو ملکر علاقے کے امن اور ترقی میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ شہید علامہ نواز عرفانی کے مزار پر منعقدہ سولارائزیشن اور صحن پختگی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ ضلع کرم ایک انتہائی خوبصورت اور اہم علاقہ ہے، اس کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں گلیات کی پختگی سمیت مختلف ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے اور ان شاء اللہ مستقبل قریب میں ریلوے ٹریک کی تعمیر ہوگی، جس سے افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل ہوگی اور تجارت بڑھنے سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹل، پاراچنار روڈ سمیت دیگر میگا پراجیکٹس (جس میں یونیورسٹی کا قیام سر فہرست ہے) کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں اور ان شاء اللہ عنقریب ضلع کرم کے عوام کو یہ سہولیات فراہم کی جائے گی مگر اس کیلئے اولین شرط قیام امن ہے جو کہ ضلع کرم میں رہنے والے تمام اقوام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید آغا نواز عرفانی محسن قوم تھے قوم ان کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کریگی،نواز عرفانی کی مزار کو مکمل سولرائز کیا گیا ہے اور ایک کروڑ دس لاکھ روپے کی لاگت سے مزار کی صحن کی پختگی کی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری انجمن حسینیہ عنایت علی طوری، مزار کمیٹی کے چیئرمین جواد حسین بنگش، جلال بنگش، حشمت بنگش، قبائلی عمائدین حاجی نوروز علی، حاجی نظیر احمد، حاجی فقیر حسن، حاجی نور محمد، تاجر برادری کے صدر حاجی امداد علی اور دیگر اہم مشران موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1084993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش