0
Saturday 30 Sep 2023 16:40

ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، پینٹاگون کا اعتراف

ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، پینٹاگون کا اعتراف
اسلام ٹائمز۔ جام جم آنلائن کے مطابق امریکہ کی وزارت دفاع نے چند دن پہلے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی روک تھام سے متعلق امریکی حکمت عملی سے متعلق ایک اہم دستاویز جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایران اگر چاہے تو دو ہفتے سے کم مدت میں جوہری ہتھیار تیار کرنے کیلئے ضروری تابکار مادہ تیار کر سکتا ہے لیکن ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کے درپے نہیں ہے۔ یہ دستاویز "بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی روک تھام کیلئے اسٹریٹجک دستاویز" کے نام سے شائع کی گئی ہے۔ جمعرات 28 ستمبر 2023ء کے دن جاری ہونے والی اس دستاویز میں کہا گیا ہے: "یوں دکھائی دیتا ہے کہ ایران فی الحال جوہری ہتھیار بنانے کا پروگرام نہیں رکھتا لیکن جوہری بم تیار کرنے کیلئے ضروری تابکار مادے کی تیاری کیلئے اسے دو ہفتے سے کم وقت درکار ہے۔" یاد رہے گذشتہ ایک عرصے سے امریکہ، اسرائیل اور دیگر مغربی ممالک ایران پر یہ الزام عائد کرتے آئے ہیں کہ وہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کے درپے ہے جبکہ ایران ہمیشہ سے اس کی تردید کرتا آیا ہے اور اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پرامن مقاصد کیلئے ہے۔
 
اسلامی جمہوریہ ایران نے این پی ٹی معاہدے پر بھی دستخط کر رکھے ہیں جبکہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال کو شرعا حرام قرار دینے کا فتوی بھی دے رکھا ہے۔ مزید برآں، ایران کی تمام تر جوہری سرگرمیاں بین الاقوامی جوہری توانائی کی ایجنسی آئی اے ای اے کی زیر نگرانی انجام پا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے جوہری انسپکٹرز مسلسل ایران کی جوہری تنصیبات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بارہا اپنی رپورٹس میں اعلان کر چکے ہیں کہ انہیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ثابت ہوتا ہو کہ ایران کا جوہری پروگرام فوجی مقاصد کی جانب بڑھ رہا ہے۔ 2015ء میں ایران اور فائیو پلس ون نامی چھ مغربی ممالک کے درمیان جوہری پروگرام سے متعلق ایک امن معاہدہ بھی طے پا گیا تھا۔ ان سب کے باوجود 2018ء میں ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں امریکہ نے یکطرفہ طور پر ایران سے جوہری امن معاہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ یہ پہلی بار نہیں جب امریکہ کا ایک حکومتی ادارہ ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار تیار کرنے کا ارادہ نہ ہونے کا اعتراف کر رہا ہے۔ گذشتہ برس بھی امریکہ کے انٹیلی جنس اداروں نے اپنی رپورٹس میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ ان رپورٹس میں کہا گیا تھا: "ایران فی الحال ایسی سرگرمیان انجام نہیں دے رہا جو جوہری ہتھیار تیار کرنے کیلئے ضروری ہوتی ہیں۔"
خبر کا کوڈ : 1084999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش