اسلام ٹائمز۔ وفاقی نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان مین جاری دہشتگردی کے پیچھے بھارتی ایجنسی راء کا ہاتھ ہے۔ سانحہ مستونگ کے مکمل اور جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان کے نگران وزراء جان اچکزئی اور زیبر جمالی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سانحہ مستونگ کے مکمل اور جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بلوچستان کی تاریخ میں عید میلاد النبی پر پہلا حملہ ہوا ہے۔ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بھائیوں کے مقدس خون کا حساب لیں گے۔ ہمیں معلوم ہے کون ہے اور کہاں سے کر رہا ہے۔ ریاست کی عملداری ہر صورت قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ دھماکے میں 55 افراد شہید ہوئے۔ نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف مل کر لڑیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ایجنسی راء ملوث ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے۔ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ تحقیقات کر رہے ہیں کہ دہشت گردوں کو کون کون سپانسر کر رہا ہے۔