0
Sunday 23 Oct 2011 18:49

بیگم نصرت بھٹو دبئی میں انتقال کر گئیں

بیگم نصرت بھٹو دبئی میں انتقال کر گئیں
کراچی:اسلام  ٹائمز۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ، بے نظیر بھٹو کی والدہ اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ساس بیگم نصرت بھٹو طویل علالت کے بعد دبئی میں انتقال کر گئیں۔ بیگم نصرت بھٹو کینسر کے باعث دبئی میں زیر علاج تھیں۔ 1982ء میں نصرت بھٹو کو کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی۔ کینسر کے مرض کے باعث ضیاء حکومت نے انہیں علاج کے لئے لندن جانے کی اجازت دی تھی۔ بیگم نصرت بھٹو ایرانی نژاد پاکستانی تھیں، نصرت بھٹو 23 مارچ 1937ء میں ایران کے شہر اصفہان میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق حریری خاندان سے تھا جس کا شمار ایران کے دولت مند گھرانوں میں ہوتا ہے۔ نصرت بھٹو کے والد ایران سے کراچی میں منتقل ہو گئے تھے۔ ستمبر 1951ء میں نصرت بھٹو کی شادی سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ ہوئی۔ نصرت بھٹو کے بچوں میں بینظیر بھٹو، مرتضیٰ بھٹو، شاہنواز بھٹو، صنم بھٹو شامل ہیں۔ ان کے چار بچوں میں سے صرف صنم بھٹو زندہ ہیں۔ نصرت بھٹو 1973ء سے 1977 ء تک پاکستان کی خاتون اول رہیں۔ نصرت بھٹو 1988ء اور 1993ء انتخابات میں لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔ 
دیگر ذرائع کے مطابق بینظیر بھٹو کے دور میں وہ وفاقی وزیر اور نائب وزیراعظم بھی رہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں کئی سال بینظیر کے ساتھ گزارے۔ دل کی تکلیف اور الزائمر کے اٹیک کے باعث وہ طویل عرصے سے کوما کی حالت میں تھیں۔ ان کی اولاد میں اب صرف صنم بھٹو حیات ہیں جنہوں نے سیاست سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کر رکھی ہے۔ ان کی بیٹی محترمہ بینظیر بھٹو اور دونوں بیٹے شاہنواز بھٹو، مرتضیٰ بھٹو ان کی زندگی میں ہی قتل ہوئے۔ مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے بعد وہ سکتے کی کیفیت میں چلی گئیں۔ بیگم نصرت بھٹو آخری دم تک اپنی بیٹی بینظیر بھٹو کے المناک قتل سے بھی بے خبر تھیں۔ ان کی عمر 82 سال تھی اور کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث عرصہ سے دبئی کے ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے دبئی میں بیگم نصرت بھٹو کے انتقال کی خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ صدارتی ترجمان کے مطابق نصرت بھٹو کی تدفین گھڑی خدا بخش میں کی جائے گی۔  ادھر صدر آصف زرداری بیگم نصر بھٹو کے انتقال کی خبر ملتے ہی اردن سے دبئی پہنچ گئے۔ بیگم نصرت بھٹو کے انتقال کی خبر لندن میں موجود بلاول بھٹو اور صنم بھٹو کو بھی دے دی گئی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق نصرت بھٹو کا جسد خاکی پاکستان لانے کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ فریال تالپور نصرت بھٹو تدفین کے انتظامات کی نگرانی کریں گی۔ انھیں گڑھی خدابخش میں سپردخاک کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 108589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش