0
Monday 24 Oct 2011 19:28

بیگم نصرت بھٹو کی گڑھی خدا بخش میں تدفین کر دی گئی

بیگم نصرت بھٹو کی گڑھی خدا بخش میں تدفین کر دی گئی
سکھر:اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی بیوہ نصرت بھٹو کی گڑھی خدا بخش میں تدفین کر دی گئی۔ قبل ازیں نوڈیرو ہاؤس میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نصرت بھٹو کا جسد خاکی نوڈیرو پہنچایا گیا، نصرت بھٹو کی نماز جنازہ نوڈیرو ہاؤس میں ادا کی گئی۔ نصرت بھٹو کی میت آج سہ پہر پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعہ سکھر لائی گئی۔ نصرت بھٹو کی بیٹی صنم بھٹو، بے نظیر بھٹو کے بچے بلاول، بختاور اور آصفہ دوسرے طیارے کے ذریعہ سکھر پہنچے جب کہ صدر آصف علی زرداری اپنے خصوصی طیارے سے آئے۔ سکھر کے ہوائی اڈے پر مرحومہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعہ میت نوڈیرو پہنچائی گئی۔ یاد رہے کہ بیگم نصرت بھٹو کا گزشتہ روز دبئی میں انتقال ہو گیا تھا تاہم ان کا جسد خاکی وطن لانے کے لئے مرحومہ کی بیٹی صنم بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے بچوں کا دبئی میں انتظار کیا جا رہا تھا۔ بے نظیر بھٹو کے تینوں بچے آج صبح اپنی پھوپھی صنم بھٹو کے ہمراہ لندن سے دبئی پہنچے۔ اس کے بعد دبئی کے اسپتال سے مرحومہ کا جسد خاکی ایئرپورٹ منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ بیگم نصرت بھٹو کی گڑھی خدا بخش میں تدفین کر دی گئی۔ اس سے قبل نوڈیرو میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں صدر آصف علی زرداری، پیپلزپارٹی کے چیئرمیں بلاول بھٹو زرداری سمیت وفاقی و صوبائی وزراء اور سینیٹرز سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تئیس مارچ 1929ء کو ایران کے شہر اصفحان میں جنم لینے والی بیگم نصرت بھٹو ذوالفقار علی بھٹو کی بیوہ تھیں، نصرت بھٹو بے نظیربھٹو، مرتضی بھٹو اور شاہنواز بھٹو اور صنم بھٹو کی والدہ تھیں۔ ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے بعد وہ 1979ء میں پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن مقرر ہوئیں۔ 1973ء سے 1977ء تک نصرت بھٹو نے پیپلزپارٹی میں اپنا کردار ادا کیا۔ 1982ء کو جنرل ضیاء نے ان کو علاج کیلئے لندن جانے کی اجازت دے دی تھی نصرت بھٹو کی لندن روانگی کے بعد بے نظیر بھٹو نے قیادت سنبھالی اور 1984ء میں بے نظیر بھٹو پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن مقرر ہوئیں، وطن واپسی پر نصرت بھٹو 1988ء کے عام انتخابات میں لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں 90 کی دہائی میں نصرت بھٹو نائب وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہیں ان کی شادی 9 ستمبر 1951ء کو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے ہوئی تھی وہ کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث طویل عرصہ سے دبئی کے ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
اتوار کو طویل علالت کے بعد وہ دبئی میں انتقال کر گئی تھیں۔ نمازجنازہ کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، بیگم نصرت بھٹو کی صاحبزادی صنم بھٹو کی حالت بھی بار بار غم کی شدت سے غیر ہو جاتی تھی۔ نوڈیرو میں نماز جنازہ کے بعد میت کو ایمبولینس کے ذریعے گڑھی خدا بخش لے جایا گیا۔ گڑھی خدا بخش میں بھی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے اور کسی بھی عام شخص کو مزار کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہ تھی۔ پورے علاقے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سمیت دیگر نے بیگم نصرت بھٹو کو لحد میں اتارا اور تدفین کی گئی۔

خبر کا کوڈ : 108901
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش