0
Monday 24 Oct 2011 20:16

پیپلز پارٹی کی نواز شریف اور عمران خان سے ریلیاں منسوخ کرنے کی اپیل، مسلم لیگ ن کا انکار

پیپلز پارٹی کی نواز شریف اور عمران خان سے ریلیاں منسوخ کرنے کی اپیل، مسلم لیگ ن کا انکار
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی پنجاب نے بیگم نصرت بھٹو کے سوگ میں تمام جلسے منسوخ کر دیئے ہیں۔ جبکہ نواز شریف اور عمران خان سے بھی ریلیاں اور جلسے منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی راجا ریاض نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نصرت بھٹو کی وفات پر پنجاب میں تعطیل پر شریف برادران کے شکر گزار ہیں اس سے مفاہمت کی سیاست کو تقویت ملی ہے۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ سیاسی جلسے ریلیاں کرنا جماعتوں کا حق ہے لیکن نصرت بھٹو قوم کی سانجھی ماں تھیں۔
پیپلز پارٹی نے نواز شریف اور عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے نصرت بھٹو کے سوگ میں سیاسی جلسے جلوس اور ریلیاں منسوخ کر نے کی در خواست کر دی ہے ۔
لاہور میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نصرت بھٹو کے انتقال پر پیپلز پارٹی کے کارکنان سوگ میں ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ شریک ہوں۔ انہوں نے نصرت بھٹو کے انتقال پر تعزیتی پیغام پر پنجاب حکومت اور شریف برادران کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی جس طرح بیگم نصرت بھٹو کے انتقال پر میاں برادارن نے اظہار ہمدردی کیا ہے امید ہے وہ ریلیاں بھی موخر کر دیں گے۔
ادھر مسلم لیگ نواز نے 28 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والی ریلی کو منسوخ کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ریلی ضرور ہو گی اور وزیراعلیٰ شہباز شریف خطاب کریں گے۔ فیصل آباد میں مسلم لیگ کے اراکین اسمبلی اور تنظیمی عہدیداروں سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت ہٹاو ریلیوں سے نواز شریف نہیں بلکہ شہباز شریف خطاب کریں گے۔ تمام ریلیاں اور جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے اور 3 نومبر کو فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری ٹولے کو مزید مہلت دی گئی تو ملک کا نقصان ہو سکتا ہے۔ تحریک انصاف سمیت کسی سیاسی جماعت یا شخصیت سے خوف زدہ نہیں ہیں۔ ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ انہیں خوف ہے تو اس کرپشن سے جو وزیراعظم اپنے بیوی بچوں سمیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیر اعلٰی کی آئینی حیثیت بارے کسی عدالت نے حکم امتناعی جاری نہیں کر رکھا اور گورنر کے اس بیان بارے کسی کو خط نہیں لکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 108903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش