0
Monday 24 Oct 2011 23:52

پاکستان کے اندر مسلح جدوجہد کا کوئی جواز نہیں، افغانستان میں طالبان اپنے ملک کا دفاع کر رہے ہیں، فضل الرحمان

پاکستان کے اندر مسلح جدوجہد کا کوئی جواز نہیں، افغانستان میں طالبان اپنے ملک کا دفاع کر رہے ہیں، فضل الرحمان
پشاور:اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلیوں کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہئے۔ اس سے جمہوریت پر عوام کو اعتماد بحال ہو گا، پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ذاتی مفادات کے لئے سیاسی قلابازیاں لینے سے گریز کرنا چاہئے۔ سینٹ سے قبل ازسرنو انتخابات سے متعلق ایک سوال پر مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں سے سوال کیا کہ کیا کسی سیاسی جماعت کو سینٹ میں اکثریت حاصل کرنے کے آئینی حق سے محروم کرنا مناسب ہو گا؟ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے اندر مسلح جدوجہد کا کوئی جواز نہیں تاہم افغانستان میں طالبان اپنے ملک کا دفاع کر رہے ہیں۔ 
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مرئی قوت پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار داد پر عمل درآمد کی راہ میں حائل ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ زرداری کے بارے میں مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے بارے میں پیپلز پارٹی کے الزامات درست ہیں کیونکہ وہ دونوں ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ میں پیپلزپارٹی کی اکثریت سے خائف عناصر غیر جمہوری راستہ اختیار کر رہے ہیں۔ صدر زرداری اور نوازشریف ایک دوسرے کے بارے میں جو کہتے ہیں سچ کہتے ہیں۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے ایک بار پھر پاکستان پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ جس کا مقصد پاکستانی علاقوں میں آپریشن کرنا ہے۔ پاکستان میں اسلامی نظام کی جدوجہد کرنے والی جماعت صرف جے یو آئی ہے اور جے یو آئی ہی اسلامی نظام کیلئے غیر مسلح جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں کا کہنا تھا کہ امریکا کے خلاف اسلام کے نام پر لڑنے والے نوجوان ہمارے بچے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک طالبان صرف افغانستان میں ہے، جس کی حمایت کرتے ہیں۔ افغانستان میں روس کی شکست سے کمیونزم کو شکست ہوئی اور امریکا کی شکست سے جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 108934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش