QR CodeQR Code

ممتاز قادری کو سزا سنانے والے جج کو قتل کی دھمکیاں،اہل خانہ سمیت سعودی عرب منتقل ہو گئے

25 Oct 2011 19:26

اسلام ٹائمز:ذرائع کے مطابق بعض مذہبی جماعتوں کی جانب سے جج کو قتل کرنے پر انعام مقرر کیا گیا تھا، گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو قتل کرنیوالے ایلیٹ فورس کے ممتاز قادری کی رہائی کے لئے حکومت پر بھی مذہبی حلقوں کا شدید دباؤ ہے، سپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ اس کیس کے بعد انہیں بھی شدید دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔


لاہور:اسلام ٹائمز۔ مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کو سزائے موت دینے والے راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج پرویز علی شاہ قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد اہل خانہ سمیت سعودی عرب منتقل ہو گئے۔ یہاں عدالتی ذرائع نے پرویز علی شاہ کی سعودی عرب منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کو ممتاز قادری کو سزا سنائے جانے کے بعد مسلسل قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں جس کے حوالے سے انہوں نے حکومت کو بھی آگاہ کیا جس پر پرویز علی شاہ کو اہل خانہ سمیت سعودی عرب بھیج دیا گیا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اب مستقبل میں بھی اپنی رہائش سعودی عرب میں ہی رکھیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے مقتول گورنر سلمان تاثیر کا جنازہ پڑھانے والے پیپلز پارٹی علماء ونگ کے ایک عہدیدار لندن میں سیاسی پناہ لے چکے ہیں۔ دوسری جانب سلمان تاثیر قتل کیس میں سپیشل پراسیکیوٹر سیف الملوک نے تصدیق کی ہے کہ پرویز علی شاہ ملنے والی دھمکیوں کے باعث خاندان سمیت سعودی عرب منتقل ہو گئے ہیں۔ سیف الملوک نے بتایا کہ یہ بھی رپورٹس ہیں کہ بعض مذہبی تنظیموں نے جج کے قتل پر انعام مقرر کر دیا تھا، مجھے بھی دھمکیاں مل رہی ہیں اور حکومت سے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد حکومت نے سکیورٹی کیلئے دو پولیس اہلکار متعین کر دیئے ہیں تاہم سکیورٹی کیلئے صرف دو پولیس اہلکار کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز قادری کو قانون کے مطابق سزا دی گئی، راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ردعمل بدقسمتی ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج پرویز علی شاہ نے یکم اکتوبر کو سلمان تاثیر قتل کیس میں ایلیٹ فورس پنجاب کے اہلکار ممتاز قادری کو دوبار سزائے موت اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، اس فیصلے کیخلاف مذہبی تنظیموں کی جانب سے شدید اشتعال سامنے آیا ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے بعد ازاں ممتاز قادری کی سزا کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے سزا پر عملدرآمد روک دیا ہے۔ اس اپیل میں لاہور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس خواجہ شریف ممتاز قادری کی پیروی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ممتاز قادری کو سزا سنانے کے بعد پرویز علی شاہ دھمکیاں ملنے پر غیر معینہ مدت کیلئے چھٹی پر چلے گئے تھے اور بعد میں حکومت نے ان کا تبادلہ کر دیا تھا۔ 


خبر کا کوڈ: 109194

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/109194/ممتاز-قادری-کو-سزا-سنانے-والے-جج-قتل-کی-دھمکیاں-اہل-خانہ-سمیت-سعودی-عرب-منتقل-ہو-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org