0
Thursday 27 Oct 2011 00:17

بدعنوان حکومت کا لاہور میں ہونیوالی ریلی میں جنازہ اٹھایا جائے گا،سعد رفیق

بدعنوان حکومت کا لاہور میں ہونیوالی ریلی میں جنازہ اٹھایا جائے گا،سعد رفیق
لاہور:اسلام ٹائمز۔ احتجاجی ریلی کے سلسلہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جمعہ کو ناصر باغ سے بدعنوان حکومت کا جنازہ اٹھایا اور بھاٹی چوک میں اس کا تابوت دفنایا جائے گا، تبدیلی کا تیر کمان سے نکل چکا ہے، اب جھرلو برانڈ حکومت کے بچاؤ کی کوئی امید نہیں، جمہوری قوتوں نے بار بار اتحادی حکومت کو سنبھلنے کی مہلت دی مگر انجام بدحکمرانوں کا اپنا انتخاب ہے، این آر او کے کفن میں لپٹی سول آمریت کو دفنائے بغیر ہمارے ملک سے کرپشن کی نحوست اور نجاست دور نہیں ہو گی، اس وقت وفاقی حکومت کی حالت اس چراغ کی مانند ہے جو گل ہوتے ہوئے بہت پھڑپھڑاتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر ہم سہارا نہ دیتے تو بہت شروع میں پارلیمنٹ اور جمہوریت کی عمارت منہدم ہو جاتی اور پاکستان میں ایک ساتھ سیاسی ومعاشی عدم استحکام پیدا ہو جاتا، زرداری اور گیلانی یاد رکھیں جس دن ہم ان اسمبلیوں سے باہر نکلے اس روز اس دیمک زدہ اور گلے سڑے نظام کی چھت دھڑام سے زمین بوس ہو جائے گی، قصرصدارت کے وفادار دربانوں کی رائے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں،سیاسی طور پر بونے بابر اعوان کو قومی قیادت پر انگلیاں اٹھانے کا کوئی حق نہیں۔  
سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے ہاں دو ہفتوں میں ضمنی الیکشن کے انعقاد کی کوئی مثال نہیں ملتی، آئین کو موم کی ناک نہیں بننے دیں گے، ہم نے نیک نیتی کے ساتھ پیپلز پارٹی کو جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کو ڈیلیور کرنے کیلئے وقت دیا تھا مگر کرپشن کی گندی عادت وفاقی حکومت کو بند گلی میں لے آئی۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کا قہر اور قوم کا غضب وطن فروش حکمرانوں پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑے گا، کوئی باضمیر فرد پاکستان بچانے کی اس تحریک سے دور نہیں رہ سکتا، بدعنوان حکومت کی تبدیلی سے ملک و قوم کی تقدیر ضرور بدلے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بااعتماد قیادت اور اہل نمائندوں کے انتخاب اور قومی لٹیروں کے احتساب کا حق دیا جائے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو مایوسی اور اندھیروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔
خبر کا کوڈ : 109494
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش