اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق غاصب صیہونی حکومت اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت کے بارے میں مختلف خبروں اور متضاد بیانات کی اشاعت کے درمیان، تل ابیب کے ایک اہلکار نے اعلان کیا کہ ہم ایک معاہدہ قریب پہنچ چکے ہیں۔ صیہونی دہشت گرد حکومت کے ایک اعلیٰ ذریعے نے بدھ کی صبح کہا کہ یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے میں پیش رفت ہوئی ہے اور اسے اگلے 48 سے 72 گھنٹوں میں نافذ کیا جا سکتا ہے۔ صہیونی اہلکار نے، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، اے بی سی چینل کو وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جنگی کابینہ بدھ کی شام کو یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بات چیت کے لیے ایک اجلاس منعقد کرے گی۔
خبر رساں ایجنسی "رائٹرز" نے بھی ایک امدادی ذریعے کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں اقوام متحدہ کی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے ٹرکوں کے لیے 24,000 لیٹر ایندھن درآمد کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ صہیونی میڈیا نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے قطر اور امریکہ کی ثالثی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا پہلا قدم حماس کے زیر حراست صیہونی بچوں کی رہائی کے بدلے میں فلسطینی بچوں کو آزاد کرنا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کی شام کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ غزہ کی پٹی میں یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا، تاہم انہوں نے اس معاہدے کی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔