اسلام ٹائمز۔ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے، نیتن یاہو جتنے ایٹم بم بنالے انجام کا وقت آپہنچا ہے۔ انقرہ میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اسلحہ، انٹیلی جنس سپورٹ دینے والے بھی ان جرائم میں برابر کے شریک ہیں، روزانہ سیکڑوں بچے بموں سے مرتے ہیں، یورپی یونین سے امریکا تک سب خاموش کیوں ہیں۔؟ ترک صدر کا کہنا تھا کہ چارلی ہیبڈو واقعے میں 23 افراد ہلاک ہوئے تو دنیا بھر سے لوگ پیرس میں مارچ میں شریک ہوئے، اب غزہ میں تقریباً 13 ہزار لوگ مرچکے ہیں، کہاں ہیں سربراہان مملکت اور وزرائے اعظم۔؟
رجب طیب اردوغان نے اسرائیلی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو تمہارے پاس ایٹم بم ہے یا نہیں؟ اتنے ہی طاقتور ہو تو اعلان کرو، جتنے ایٹم بم بنالو، اب تمہارے انجام کا وقت آن پہنچا ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ مغربی ممالک برسوں ہماری ہی سرزمین کو آرمینیا میں شامل کرنے کے خواب دیکھتے رہے، ہم نے انہیں کاراباخ میں ایسا سبق سکھایا ہے، جس پر یہ سب خاموش ہوگئے، اب اسرائیل بھی ایسے ہی فریب میں مبتلا ہے اور مایوسی ان کا مقدر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ حماس کو دہشت گرد قرار دیتے ہیں لیکن حماس سیاسی جماعت ہے، حماس فلسطین میں انتخابات میں کامیاب ہو کر برسر اقتدار آئی ہے، الیکشن جیتنے کے بعد آپ نے حماس کے حقوق چھین لیے۔