اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر کی جارہی جارحیت کے خلاف بنگلور میں پی یو سی ایل کی جانب سے ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ انہوں نے غزہ میں ہورہی قتل و غارتگری کی شدید مذمت کی اور جنگ بندی کا پُرزور مطالبہ کیا۔ اس موقع پر معروف سماجی کارکن آکار پٹیل نے بھارتی حکومت کی سخت تنقید کی کہ بھارت نے فلسطین میں چل رہے ظلم و زیادتی کی روک تھام کے سلسلہ میں اپنا ووٹ نہیں دیا۔ اس دوران سماجی کارکن نشکلہ نے غزہ میں کی جارہی بربریت پر غم کا اظہار کیا اور اس سلسلہ میں بھارتی میڈیا کے رول پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت روز اول سے ہی فلسطین کاز کا حامی رہا ہے لیکن آج کی مودی حکومت فلسطین کے حوالے سے بھارت کی خارجہ پالیسی سے انحراف کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلومین کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت ہر باضمیر فرد و حکومت پر ضروری ہے۔ اس دوران دیگر مقررین نے بھی فلسطینیوں پر ہورہی اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔