اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنونیئر انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پہلے سے زیادہ مضبوط و متحرک سیاسی جماعت بن چکی ہے، حیدرآباد میں ایم کیو ایم تاریخ کامیابی حاصل کرے گی، اٹھارہویں ترمیم کے بعد وزیراعظم اور وزیراعلی کے اختیارات کا سب کو علم ہے مگر ان بااختیار لوگوں نے کراچی، حیدرآباد اور اربن سندھ کی عوام کو بے اختیار رکھا ہے۔ ان خیالات کی اظہار انہوں نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ آفس پر جنرل الیکشن 2024ء کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ کے مرکزی الیکشن سیل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان حیدرآباد میں 2024ء کے الیکشن میں چاروں پی ایس اور دونوں این اے کی سیٹیوں کے ساتھ ساتھ قاسم آباد اور ٹنڈوجام کی سیٹیوں پر بھی فتح حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد وزیراعظم اور وزیراعلی کے اختیارات کا سب کو علم ہے مگر ان بااختیار لوگوں نے کراچی، حیدرآباد اور اربن سندھ کی عوام کو بے اختیار رکھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی و حیدرآباد سے وفاق کو سب سے زیادہ ٹیکس دیا جاتا ہے مگر پھر بھی یہ شہر اپنے جائز حق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم میں اب تین ترامیم ضروری ہیں، میئر کے محکمے لکھے جائیں، پیسے ایک ہزار ارب سے زیادہ جو وزیراعلی کو ملتے ہیں اس میں ترمیم ہو کہ پیسے شہروں میں تقسیم ہو کر وہاں جائیں، تیسری ترمیم یہ کہ جب تک بلدیاتی الیکشن نہ ہوں جنرل الیکشن بھی نہ ہوں، یہ سندھ دھرتی کی خوش حالی پر مبنی ترامیم ہیں جن کی منظوری کے لئے ہم بھرپور جدوجہد کریں گے۔