اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بھی الیکشن میں ہوگی تو پھر انتخابات پر سوال نہیں اٹھیں گے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں آنا چاہیئے، پی ٹی آئی بھی الیکشن میں موجود ہوگی تو پھر انتخابات پر سوال نہیں اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعہ کے ذمہ داروں سے کبھی اتحاد نہیں ہوسکتا، چیئرمین پی ٹی آئی کی نفرت کی سیاست کا نتیجہ ہم نے 9 مئی کو دیکھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل بھرو تحریک چلائی بعد میں کہا مجھے بچالو۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی شروع سے ہی الیکشن کے لیے پوری تیار ہے، پی پی سندھ میں سوئپ کرے گی، جنوبی پنجاب سے نشستیں حاصل کریں گے، سینٹرل پنجاب مشکل ہے لیکن پی پی وہاں بھی مقابلہ کرے گی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو نے واضح کہا کہ نفرت کی سیاست اب نہیں ہوگی، بلاول نےکہا ہے الیکشن میں کسی سے اتحاد نہیں ہوگا، بلاول بھٹو وزیراعظم ہونگے تو ہم چاہیں گے مریم نواز کابینہ کا حصہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کی حکومت بنی تو آئی پی پی سمیت دیگر کو ساتھ لے کر چلیں گے، اس وقت ملک کے لیے مشکل حالات ہیں سب کو مل کر چلنا ہوگا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری 68 سال کے ہیں، ابھی 70 سال کے نہیں ہوئے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم نوجوان ہونا چاہیئے جو غلط بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفیر سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں کوئی بڑی بات نہیں، بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ بہترین کارکردگی دکھائی، انہوں نے بطور وزیر خارجہ ثابت کیا کہ وزیراعظم بن سکتے ہیں۔