اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ملتان کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ملتان کے مختلف علاقوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت ضلعی آرگنائزر فہیم جعفر ایڈووکیٹ نے کی جبکہ صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید وسیم زیدی،صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید دلاور زیدی اور عاطف سرانی نے خصوصی شرکت کی۔ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیل کی جناب سے جاری بیان میں فخر نسیم کثرت رائے سے ضلع ملتان کے صدر منتخب ہوئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ہم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور اسرائیل کی طرف سے نہتے خواتین اور بچوں پر بمباری ایک بھیانک جرم ہے جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان ہر سطح پر فلسطینوں کی آواز ہیں اور ان کی اپنے ملک کی آزادی کی جد وجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔انشااللہ 26 نومبر بروز اتوار لاہور اور 10 دسمبر ملتان میں آزادی فلسطین مارچ ہو گا۔ آخر میں فخر نسیم صدیقی کا حلف صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی نے لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فخر نسیم صدیقی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں وحدت کی علامت ہے اور ملکی وحدت کے لئے اپنا رول ادا کرتے رہیں گے۔ فخر نسیم صدیقی اس سے قبل ملتان کے آرگنائزر اور ضلعی صدر رہ چکے ہیں، علاوہ ازیں وہ صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سیاسیات کی ذمہ داری پر بھی رہ چکے ہیں ان کی خدمات کی وجہ سے اُنہیں دوبارہ یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔