اسلام ٹائمز۔ یمن کے ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ ملک کی مسلح افواج فلسطینی عوام کی حمایت میں اسرائیل کے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق یمن کے ایک فوجی ذریعے نے آج دوپہر (ہفتہ) کو صیہونی حکومت کے تمام بحری جہازوں کو خبردار کیا۔ اس ذریعے نے، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، نے "المیادین" نیٹ ورک کو بتایا کہ ہماری افواج تمام اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، خواہ وہ بحیرہ احمر میں ہو یا کسی اور جگہ، جس کی دشمن کو توقع نہ ہو۔ مذکورہ ذریعے نے مزید کہا کہ یمن کی مسلح افواج تمام اسرائیلی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، چاہے وہ بحری جہاز جو مقبوضہ فلسطین جاتے ہیں یا وہ جن کی منزل مقبوضہ فلسطین نہیں ہے۔
غزہ کی پٹی پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز کے بعد سے یمنی فوج نے مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع ایلات کی بندرگاہ کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع اور تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اس سے قبل اپنے الگ الگ بیانات میں تاکید کی تھی کہ جب تک غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت بند نہیں ہوتی، وہ اسرائیلی اہداف کے خلاف اپنے حملے جاری رکھیں گے۔