اسلام ٹائمز۔ میانوالی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن قومی اسمبلی امجد خان نیازی کو گرفتار کرلیا گیا۔ امجد نیازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انصاف کے حصول کیلئے سرنڈر کر رہا ہوں، میرے خلاف بنائے گئے مقدمات جھوٹے ہیں۔ پولیس کے مطابق امجد نیازی کے خلاف 9 اور 10 مئی کو گھیراؤ جلاؤ اور توڑ پھوڑ کے دو مقدمات درج ہیں۔ حساس ادارے کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے اور جہاز کے ماڈل کو جلانے کے مقدمات میں امجد نیازی مطلوب تھے۔ پولیس نے بتایا کہ امجد نیازی کو کل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب بورے والا سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر بیرسٹر خالد نثار ڈوگر کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق خالد نثار پر 10 مئی کے احتجاج میں پولیس کیساتھ تصادم کا مقدمہ درج ہے اور مقدمے میں 100 سے زائد پی ٹی آئی کارکن بھی نامزد ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ خالد نثار کے خلاف مقدمے میں دہشتگردی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا ہے۔