اسلام ٹائمز۔ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ پہلے سے زیادہ قریب ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اسرائیل اور حماس ایک معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایک معاہدہ قریب ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے بارے میں کہا کہ ہم پہلے کے مقابلے میں اب اس معاہدے سے زیادہ قریب ہیں۔ واضح رہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی باتیں کئی روز سے زیرگردش ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی میڈیا کے مطابق ایک دن میں 10 اسرائیلی مغوی اور 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا جبکہ 300 ٹرک خوراک، طبی آلات اور ایندھن غزہ لایا جائے گا۔ جبکہ عبری میڈیا کے مطابق غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اس سے متعلق ریڈ کراس کے صدر نے قطر میں حماس اور اسلامی جہاد کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔