0
Tuesday 21 Nov 2023 19:37

حسین امیر عبداللہیان کا اسماعیل ھانیہ سے اظہار تعزیت

حسین امیر عبداللہیان کا اسماعیل ھانیہ سے اظہار تعزیت
اسلام ٹائمز۔ رواں ہفتے اسنیچر کی صبح فلسطین کی مزاحمتی تحریک "حماس" نے ایک بیان کے ذریعے غزہ کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر "احمد بحر" کی شہادت کی خبر دی۔ حماس نے بتایا کہ احمد بحر چند روز قبل غزہ میں پارلیمنٹ کی عمارت پر صیہونی حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد چل بسے۔ آج اسی سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللہیان" نے حماس کے پولٹیکل بیورو چیف "اسماعیل ھانیہ" کو "احمد بحر" کی شہادت پر ایک تعزیتی پیغام بھیجا۔ حسین امیر عبداللہیان نے اس انقلابی سیاست دان اور قابل قدر مجاہد کی شہادت پر اُن کے خاندان، فلسطینی قوم اور اسماعیل ھانیہ کو تسلیت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بلاشُبہ فلسطینی عوام پر صیہونی رژیم کی جارحیت اسرائیل کے جلد زوال کا سبب بنے گی۔ دنیا کے سامنے صیہونی رژیم کی جارحیت نے اُس کے اصلی چہرے کو بہت جلدی نمایاں کر دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ اس عظیم شخصیت کی عدم موجودگی، فلسطینی عوام کے ارادے کو متزلزل نہیں کرے گی بلکہ قدس شریف اور اپنی سرزمین کی آزادی کے لئے فلسطین کی مظلوم و حریت پسند قوم کے عزم کو اور مضبوط بنا دے گی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں فلسطین کی آزادی کے ساتھ ساتھ شہداء کی پاک ارواح کے لئے رحمت واسعہ کی دعا کی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ فلسطین عنقریب امت مسلمہ کی آغوش میں ہو گا۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان "ناصر کنعانی" نے اس دہشت گردانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ احمد بحر کی شہادت جیسا کوئی بھی وحشیانہ اسرائیلی اقدام فلسطینی عوام کو اپنی آزادی کے حصول سے نہیں روک سکتا۔
خبر کا کوڈ : 1097243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش