QR CodeQR Code

ایم کیو ایم دہشتگردوں کا ٹولہ ہے، کرپشن،مہنگائی سے چھٹکارے کے لئے زرداریوں، چوہدریوں اور ’’شریفوں‘‘ کا راستہ روکنا ہو گا، سید منور حسن

27 Oct 2011 23:44

اسلام ٹائمز:شاہین چوک سرگودھا میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام دھرنے میں شامل ہزاروں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکی خوشنودی کے لیے بنائی گئی خارجہ پالیسی ملک کے لیے تباہ کن ثابت ہو گی۔ امریکا خطے میں چین کا کردار کم کر کے بھارت کو منی سپرپاور بنا کر پاکستان اور پورے خطے پر پر بالادستی دلانا چاہتا ہے۔


لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ کرپشن اور مہنگائی سے چھٹکارا پانے کے لیے زرداریوں، چوہدریوں اور ’’شریفوں ‘‘ سے نجات حاصل کرنی ہو گی۔ عوام نے جن کو چار چار بار اقتدار کی کرسی پر بٹھایا وہی عوام کو بھوک و ننگ میں مبتلا خودکشیوں پر مجبور کر رہے ہیں۔ راجہ رند کی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے خودکشی عوامی نمائندوں اور حکمرانوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ممتاز قادری کو رہا کرایا جائے۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی امریکا کے خلاف بات کرتے ہوئے گھبراتے ہیں۔ امریکی ڈرون کے ساتھ اب نیٹو طیارے بھی شمالی علاقوں میں گھس آتے ہیں۔ ملک میں جاری دہشت گردی میں بھارتی اور امریکی ایجنسیاں ملوث ہیں۔ بھارتی ہیلی کاپٹر کی سرحدی خلاف ورزی ملکی خودمختاری پر حملہ ہے۔ اس پر بھارت سے سخت احتجاج کے بجائے پائلٹ اور ہیلی کاپٹر واپس کر کے حکومت نے بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔
جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق انھوں نے ان خیالات کا اظہار شاہین چوک سرگودھا میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام دھرنے میں شامل ہزاروں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ دھرنا مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف اور ممتاز قادری کی رہائی کے لیے دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا مستقبل محفوظ کرنے کے لیے صرف صدر زرداری ہی نہیں بلکہ تمام لٹیروں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ملک مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے۔ کرپٹ لوگوں نے ملک پر سودی قرضوں کی معیشت مسلط کر کے اسے آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے۔ اس کی شرائط پوری کرنے کے لیے اب ہر ہفتہ بجلی کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کیا جا رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ راجہ رند جیسے پیپلز پارٹی کے کارکن بھی خودسوزی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سندھ اور مرکز میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، لیکن کسی جگہ بھی امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں۔ پیپلز پارٹی نے مفاہمت کے نام پر دہشت گردوں کو حکومت میں شامل کر کے کراچی کو قتل گاہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سیاسی جماعت نہیں بلکہ دہشتگردوں کا وہ ٹولہ ہے جس نے بوری بند لاشوں، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا کلچر متعارف کرایا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قوم نے متحد ہو کر کرپٹ لوگوں کا راستہ نہ روکا تو ملک کا مستقبل محفوظ نہیں رہے گا اور قوم کسی بڑے حادثے سے دوچار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز قادری نے وہ فرض ادا کیا ہے جسے ہم سب اپنا فخر سمجھتے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کا تقاضا ہے کہ ممتاز قادری کو رہا کیا جائے۔
سید منور حسن نے کہا کہ ڈرون حملوں میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ اب نیٹو کے طیارے بھی پاکستان کی سرحدوں کو پامال کرنے لگے ہیں۔ حکومت اس پر بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی خوشنودی کے لیے بنائی گئی خارجہ پالیسی ملک کے لیے تباہ کن ثابت ہو گی۔ امریکا خطے میں چین کا کردار کم کر کے بھارت کو منی سپرپاور بنا کر پاکستان اور پورے خطے پر پر بالادستی دلانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ہیلی کاپٹر نے پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کی جو ملکی خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی کی اب تک کی پالیسیاں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ بھارت کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے خلاف شرمناک منافقت سے کام لے رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے ایک بار پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ اے پی سی کی متفقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے فوری طور پر پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تین سال سے ’’گو امریکا گو‘‘ تحریک چلا رہی ہے اور ملک کے 90 فیصد عوام امریکا سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ امریکا اور اس کے حواریوں نے پاکستانی عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو ظالموں اور امریکی غلاموں کے چنگل سے بچانے اور اپنی آزادی اور خودمختاری کا تحفظ کرنے کے لیے قوم کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا۔ دھرنے سے نائب امیر صوبہ راؤ محمد ظفر اقبال، امیر ضلع زبیر احمد گوندل، امیر شہر ملک محمود احمد اعوان اور ڈاکٹر خالد ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 109830

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/109830/ایم-کیو-دہشتگردوں-کا-ٹولہ-ہے-کرپشن-مہنگائی-سے-چھٹکارے-کے-لئے-زرداریوں-چوہدریوں-اور-شریفوں-راستہ-روکنا-ہو-گا-سید-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org