0
Saturday 29 Oct 2011 12:54

لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن غیر نتیجہ خیز رہا ہے، شاہی سید

لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن غیر نتیجہ خیز رہا ہے، شاہی سید
کراچی:اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر و چیئرمین پختون ایکشن کمیٹی لویہ جرگہ شاہی سید نے باچا خان مرکز کراچی سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی قیمتی ترین زمینوں پر بااثر لینڈ مافیا کے قبضے کے باعث قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیٹو کمیٹی سے منظور شدہ 128 ارب روپے مالیت کے کراچی سرکلر ریلوے کے میگا پروجیکٹ سے بھی عوام محروم ہوگئے۔ 43 کلومیٹر طویل ٹریک میں چار کلومیٹر زیر زمیں اور 22 کلومیٹر لفٹ ٹرین کے اس منصوبے پر سرمایہ کاری کے فقدان اور لینڈ مافیا کی وجہ سے دو سال سے زائد گزر جانے کے باوجود پیش رفت نہیں کی جاسکی۔ انھوں نے مزید کہا کہ 1997 میں ختم اور 3306 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے والی سابقہ کراچی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے اربوں روپوں کی زمینوں اور املاک پر بھی لینڈ مافیا نے قبضہ کرلیا جس کا بھی کوئی پرسان حال نہیں۔
شاہی سید کا کہنا تھا کہ لینڈ مافیا کراچی کے 300 سے زائد اربوں مالیت کے سرکاری اداروں کی املاک، رفاعی و فلاحی زمینوں، پارکوں اور میدانوں پر قابض ہیں جبکہ عوام کی سستی تفریحات کی جگہوں پر اربوں کھربوں مالیت کی پلازے، شادی ہال اور کمرشل مارکیٹں قائم کرلیں گئیں جس کا بھی کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا ہے۔ شاہی سید کا کہنا تھا کہ لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن کے نام پر چند دیواریں گراتے ہوئے میڈیا کو دکھا دی جاتی ہیں لیکن کھربوں روپوں کی ان سرکاری اور عوامی اثاثوں کو واگزار کرانے کا ذکر تک نہیں کیا جاتا جبکہ نام نہاد رسمی آپریشن میں گرائی جانے والی دیواریں سرکاری ملی بھگت کے بعد دوبارہ تعمیر کرلی جاتی ہیں۔ شاہی سید کے مطابق لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن مکمل غیر نتیجہ خیز رہا ہے، ابھی تک زمین چور مگرمچھوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاسکا اور نہ ہی کسی بااثر لینڈ مافیا کو گرفتار کیا گیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے بھی سرکاری پارکوں اور تفریحی گاہوں سے تجاوزات اور قبضے ختم کرنے کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے گئے۔ شہریوں کی فلاح و بہبود کے تمام پروجیکٹ اور کمزور نجی املاک کے مالکان کی قیمتی جگہوں پر لینڈ مافیا قابض ہوجاتی ہے۔
شاہی سید نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ سرکاری و نیم سرکاری اداروں، ریلوے کی زمینوں، سابقہ کراچی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ڈپو اور املاک، پارکوں، میدانوں اور فلاحی زمینوں اور عوام کو سستی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کے کھربوں روپوں مالیت کی قیمتی جگہوں اور کمزور مالکان کی نجی املاک پر لینڈ مافیا اور کرپٹ سرکاری عملے کی لاپرواہی اور سرپرستی کا نوٹس لیں۔
خبر کا کوڈ : 110136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش