0
Saturday 29 Oct 2011 20:23

پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان کے جلسہ کے انتظامات مکمل کرلئے

پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان کے جلسہ کے انتظامات مکمل کرلئے
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونے والے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، گراؤنڈ میں انتظامی کمیٹیوں کے اراکین نے کرسیاں رکھ کر سٹیج بنا دیا ہے 30 اکتوبر کو دو بجے قائد تحریک عمران خان زندہ دلان لاہور کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے۔ لاہور میں ہونے والے اس جلسہ کو غیر محسوس انداز میں نواز لیگ کے مدمقابل لا کر کھڑا کر دیا گیا ہے اور اس وقت پنجاب میں بالعموم اور لاہور میں بالخصوص موجودہ فضا سے یوں لگتا ہے کہ نواز لیگ اور تحریک انصاف آمنے سامنے ہیں۔ گزشتہ روز نواز لیگ کی ہونے والی ریلی میں بھی لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی تھی جب کہ پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کی افرادی قوت نواز لیگ سے زیادہ ظاہر کرنے کیلئے اپنے جیالوں کو بھی ہدایت کر دی ہے کہ وہ بھرپور انداز میں تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کریں اور واضح کریں کہ عمران خان اب نواز لیگ کے رہنماؤں سے بڑا لیڈر بن چکا ہے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے کارکنوں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 
پیپلز پارٹی کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ہم خیال کے کارکن بھی تحریک انصاف کے اس جلسے میں شریک ہو رہے ہیں۔ یاد رہے کہ عمران خان نے کسی دوسری جماعت کے کارکنوں یا رہنماؤں کو اپنے جلسے میں شرکت کی دعوت نہیں دی، صرف ’’دشمن کا دشمن بھی دوست ہوتا ہے‘‘ کے مصداق پیپلز پارٹی اور دیگر نواز لیگ مخالف جماعتوں کی ہمدردیاں عمران خان سے ساتھ ہو گئی ہیں۔ عمران خان اس حوالے سے کافی پرامید ہیں ان کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پورے ملک کی نوجوان نسل تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور نئی نسل ملک میں تبدیلی دیکھنا چاہتی ہے کیوں کی گزشتہ 63 برسوں سے یہی مخصوص طبقہ اقتدار پر قابض چلا آ رہا ہے اور انہوں نے ملک کے لئے کچھ نہیں کیا۔
 تحریک انصاف کے سربراہ کے مطابق نوجوان اپنی سوچ کے مطابق نئی قیادت کو سامنے لانے کے لئے سرگرم ہیں اور آئندہ الیکشن میں امید ہے کہ نوجوان نسل بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی، جو ماضی میں الیکشن کی سرگرمیوں سے الگ تھلگ رہتی تھی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان سے نوجوانوں کو ہٹانے کیلئے مخصوص جماعت نے گلوکار اور سماجی کارکن ابرارالحق کو میدان میں اتارا ہے، لیکن ابرارالحق زیادہ نوجوان جمع کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان کے ساتھ کتنے نوجوان اس جلسے میں شرکت کر کے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 110255
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش